تحریک انصاف کی نااہل قیادت نے ملک کو تباہ کر دیا،احسن اقبال

نارووال (صباح نیوز) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کی نااہل قیادت نے ملک کو تباہ کر دیا، پی ٹی آئی نے ملک میں نفرت کی سیاست کو فروغ دیا۔

نارووال میں ایجوکیشنل کانفرنس 2024 ء سے وفاقی وزیر احسن اقبال نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، متحد ہوکر ہی ملک کو درپیش چیلنجز کا مقابلہ کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوانوں کو سوشل میڈیا کا استعمال کرنے کی تربیت دینا ضروری ہے، انہیں فیک نیوز کے ذریعے گمراہ کیا جا رہا ہے، نوجوان علامہ اقبال کے کلام کو سمجھ کراپنی کردارسازی کرسکتے ہیں۔ وفاقی وزیرمنصوبہ بندی کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے اگرترقی کرنی ہے تو ہمیں تعلیم پرتوجہ دینا ہوگی، قوموں کی ترقی کے لئے تعلیم و تحقیق بنیادی اہمیت کی حامل ہیں۔

انہوں نے ایجوکشنل کانفرنس سے کرتے ہوئے مزید کہا کہ نہتے فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت جاری ہے، عالمی برادری اسرائیل کو جنگ سے روکنے کے لئے کردار ادا کرے۔دریں اثناء  وفاقی وزیر احسن اقبال نے نارووال میں وزیراعلیٰ پنجاب گرین ٹریکٹر سکیم کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی ترقی کیلئے جدیدٹیکنالوجی کا استعمال ناگزیرہے۔2018ء میں ایک اناڑی نے ملکی معیشت کا بیڑہ غرق کر دیا،پاکستان کو انتشار کی بجائے امن کی ضرورت ہے،کسان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ زراعت ہماری معیشت کا فیصد24حصہ ہے،اگر پاکستان کی زراعت ترقی کرے گی تو ملکی معیشت مستحکم ہو گی ، نارووال میں پہلے مرحلے میں 25 کاشتکاروںکو ٹریکٹر دیئے جا رہے ہیں ، گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے کسانوں کو مبارکباد دیتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مجھے خوشی ہے کہ میں آج اس محنت کش طبقے سے مخاطب ہوں کہ جو اپنی محنت کے ساتھ ہمارے کھانے کی ٹیبل کو سجاتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی نے پاکستان کو پانی،ذرخیز زمین اور چار موسم عطا  کئے ہیں جواللہ کی بہت بڑی نعمت ہے،ہمارا شمار دنیا میں زیادہ اجناس پیدا کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے لیکن فی ایکڑ پیداوار کے حوالے سے ہم دنیا میں بہت نیچے ہیں، ہمیں زرعی پیداوار میں کیمیکل کے وافر استعمال کو ترک کرنا ہوگاکیونکہ کیمیکل کی زیادہ آمیزش والی فصل ایکسپورٹ نہیں کی جاسکتی،کسانوں کو یہ بتانا چا ہیے کہ کونسی فصلیں باآسانی برآمد کی جاسکتی ہیں،ذرخیز زمین رکھنے کے باوجود ہم گندم امپورٹ کررہے ہیں۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ حکومت زرعی ترقی کیلئے ٹیکنالوجی کے استعمال کی طرف جارہی ہے، زرعی معیشت کی بہتری کیلئے ہمیں دودھ اور زرعی پیداوار کو بہتر بنانا ہوگا،کاشت کے بہتر طریقوں اور اعلیٰ بیجوں کے انتخاب سے ہم زرعی پیداوار کو بڑھا سکتے ہیں۔

احسن اقبال نے کہا کہ 2018 میں جب ہم نے حکومت چھوڑی تب گندم،چاول اور گنا سمیت مختلف اجناس میں ہم خود کفیل تھے،تبدیلی سرکار نے اچھی بھلی زراعت کو بھی برباد کرکے رکھ دیا ۔  انہوں نے کہا کہ2018 میں ایک اناڑی کے حوالے حکومت کی گئی جس کے بعد بیرونی سرمایہ کاری رک گئی اور پاکستان کی ایکسپورٹ نہ ہونے کے برابر رہ گئیں۔ ملکی خارجہ پالیسی کو بھی بے حد نقصان پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے پالیسیوں کا تسلسل ضروری ہے، ہم نے جو اصلاحات کی ہیں ان کے لئے ضروری ہے کہ حالات پر امن رہیں،پاکستان کو انتشار کی بجائے امن کی ضرورت ہے،پاکستانی لوگوں کا شمار دنیا کے ذہین ترین افراد میں ہوتا ہے۔

احسن اقبال نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے قائد محمد نواز شریف کی جب حکومت آئی تو اسے کام سے روک کر سازش سے نکال دیا گیا جبکہ آج ایک سیاسی جماعت ملک اور پاک فوج کے خلاف زہر اگل رہی ہے، حالانکہ پاکستان کا امن اس کی طاقتور فوج کی وجہ سے ہے۔احسن اقبال نے کہا کہ 9مئی کو جو کچھ ہوا، اس طرح دنیا کے کسی ملک میں نہیں ہوتا، کسی ملک کی عوام اپنے ہیروز کی یاد گاروں کو نہیں جلاتی،ایک آدمی پاکستان کی سیاست میں زہر گھولنے اور نفرت بھرنے والا ہے۔نوجوانوں کی ذہن سازی کر رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ کوئی شخص یہ ثابت نہیں کرسکتا کہ میں نے کبھی پاکستان کے خزانے سے ایک پیسہ بھی لیا ہو،میرے اوپر جھوٹے کیس بنا کر جیل بھیجا گیا،آج وہ اڈیالہ جیل میں بیٹھنے والا اللہ کی پکڑ میں ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی والے بتائیں کہ 4سال کی حکومت میں انہوں نے ملک و قوم کے مفاد کے لئے کیا کیا تھا،لنگرخانوں پر سارا خرچ اس وقت کی گورنمنٹ کی بجائے سیلانی فائونڈیشن کرتی تھی۔پی ٹی آئی کے دور میں نارووال میں کونسا نیا منصوبہ بنا،ہم نے 15 سالوں میں نارووال کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے، نارووال پاکستان میں علم بانٹنے والا ضلع بن گیا ہے۔نارووال میڈیکل کالج کے قیام سے یہاں کی ہیلتھ کیئر میں بہتری آئے گی، رواں سال نارووال میں زراعت کی تعلیم کیلئے زرعی کالج قائم کردیا جائے گا۔ احسن اقبال نے کہا کہ چین اربوں روپے کا گوشت خریدنے کیلئے تیار ہے اور ہمیں ایسے مواقعوں سے فائدہ حاصل کرنا چاہیے،پاکسان مضبوط ہوگا تو پاکستان مضبوط ہوگا،گرین ٹریکٹر جیسے کسان دوست منصوبہ پر میں وزیراعلیٰ پنجاب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔