لاہور(صباح نیوز)وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے، تحریک عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے۔
وزیراعلیٰ پنجاب سے رکن پنجاب اسمبلی خرم خان لغاری نے ملاقات کی، جس میں انہوں نے عثمان بزدار کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کیا۔ سابق ایم پی اے سردار چنوں خان لغاری بھی اس موقع پر موجود تھے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اپوزیشن کو ہر محاذ پر ناکامی کا سامنا کرنا پڑا ہے، عدم اعتماد کی رٹ لگانے والے اب منہ چھپاتے پھر رہے ہیں، عدم اعتماد کے ارمان اپوزیشن کے دل میں رہ گئے، اپوزیشن کو اس ہزیمت پر منفی سیاست سے توبہ کر لینی چاہئے، اپوزیشن جو مرضی کرلے حکومت مدت پوری کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی قسمت میں صرف رونا لکھا ہے اور یہ آئندہ بھی روتے رہیں گے، اپوزیشن کے خواب کبھی پورے نہیں ہوں گے، کسی کو عوامی خدمت کی راہ میں رکاوٹ نہیں ڈالنے دیں گے، ترقی ہر شہر کے عوام کا حق ہے ۔
انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے ہر علاقے کی یکساں ترقی کیلئے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج دیا ہے، 360 ارب روپے کے ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ پیکیج سے یکساں ترقی کی ٹھوس بنیاد رکھ دی ہے۔