سری نگر(کے پی آئی)کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما اور جموں وکشمیر ماس موومنٹ کی چیرپرسن فریدہ بہن جی نے تحریک آزادی کشمیر کے عظیم مجاہد رہنما اور عظیم شخصیت مولانا عبد العزیز علوی کی رحلت پر دکھ اور افسو س کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کی تحریک آزادی کشمیر کے لئے قربانیاں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھی جائیں گی ۔ اپنے تعزیتی بیان میں مرحوم رہنما کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت ادا کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم نے اپنی پوری زندگی اسلام کی سربلندی اور تحریک آزادی کشمیر کی جدوجہد کیلئے وقف کی تھی اورآخری سانس تک اس مقدس جد وجہد میں مصروف رہے ۔
مولانا عبدالعزیز علوی مہاجرین و مجاہدین کشمیر کے استاد و مربی تھے ۔انہوں نے مجاہدین کی ذہنی و فکری تربیت میں ایک تاریخی کردار ادا کیا کیا جسے کسی بھی صورت میں فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔انہوں نے مرحوم کے بلند درجات کے
لئے دعا کی اور لواحقین کے ساتھ اظہار ہمدردی کیا ،ماس موومنٹ کے چیف آرگنائزر عبدالرشید لون ، جنرل سیکریٹری پرنس محمد سلیم ، منظور احمد ڈار نے بھی مولانا عبدالعزیز کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے ،ایک تعزیتی اجلاس میں ماس موومنٹ کے رہنماوں نے کشمیر کی ہردلعزیز شخصیت کو شاندا ر الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ جس مشن کے لئے مرحوم نے اپنی پوری زندگی وقف کی تھی وہ منزل کے حصول تک جاری رہے گا،اجلاس میں مرحوم کی جنت نشینی اور بلندی درجات کی دعا کی گئی ۔۔