ہمارے منجمد اثاثوں کی آمدنی سے یوکرین کو 20 بلین ڈالر مختص کرنے کا امریکی فیصلہ کھلے عام چوری ہے،روس

ماسکو(صباح نیوز)روس نے کہا ہے کہ ہمارے منجمد اثاثوں کی آمدنی سے یوکرین کو 20 بلین ڈالر مختص کرنے کا امریکہ کا فیصلہ کھلے عام چوری کے سوا کچھ نہیں ہے ۔ تاس کے مطابق روسی وزارت خارجہ نے اپنی ویب سائٹ پر پوسٹ کئے گئے ایک بیان میں کہا کہ امریکہ کا اقدام ظاہر کرتا ہے کہ وہ یوکر ین کی دیوالیہ حکومت کی حمایت کے لیے ایک اور رقم جاری کرے گا۔

روسی وزارت خارجہ نے کہا کہ روسی اثاثوں کی چوری امریکہ اور یوکرین کو ان کے قواعد پر مبنی آرڈرکو مزید غیر مستحکم کر کے نقصان پہنچائے گی۔وزارت نے کہا کہ روس کے پاس اپنے دائرہ اختیار میں مغربی اثاثوں کے باہمی قبضے کے لئے کافی مواقع موجود ہیں جو اس صورت میں صنعتی صلاحیت کو بڑھانے اور روسی علاقوں میں بنیادی ڈھانچے کے منصوبوں کو انجام دینے کے لئے استعمال کئے جائیں گے۔