پی ٹی آئی والے بنیادی طور پر این آر او چاہتے ہیں،فیصل کریم کنڈی

پشاور(صباح نیوز) گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی والے بنیادی طور پر این آر او چاہتے ہیں جو نہیں مل سکتا۔نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر کے پی فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف والوں نے عمران خان کو اقتدار کے لئے تنہا چھوڑ دیا، تحریک انصاف والے بنیادی طور پر این آر او چاہتے ہیں جو نہیں مل سکتا، بانی پی ٹی آئی نے جو کرتوت کئے وہ اب بھگتنا پڑیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عدالتوں نے فیصلہ کرنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی قصور وار ہیں یا بے قصور۔انہوںنے کہا کہ فیض حمید نے اگر غلط کام کیا تو عدالتیں سزا دیں گی، بڑے عہدیدار بھی سزا سے نہیں بچ سکتے، ملک کے ہر شہری کیلئے قانون برابر ہے، پی ٹی آئی کی روایت ہے کہ مشکل وقت میں ساتھ چھور دیتے ہیں۔گورنر خیبرپختونخوا نے کہا کہ بشریٰ بی بی کہتی ہیں اکیلا چھوڑ دیا، وزیراعلیٰ کہتے ہیں میرے ساتھ تھیں، دونوں میں سب سے بڑا جھوٹا کون ہے؟ سول نافرمانی کی تحریک کا اعلان ڈائیلاگ ہے سنجیدہ نہ لیا جائے۔