حضرت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی عالم اسلام کے ایک عظیم رہنما ، مبلغ اسلام اوراتحاد امت کے داعی تھے ،اسداللہ بھٹو

کراچی(صباح نیوز) ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صدروسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹونے کہاہے کہ حضرت علامہ شاہ احمد نورانی صدیقی عالم اسلام کے ایک عظیم رہنما ، مبلغ اسلام اوراتحاد امت کے داعی تھے جنہوں نے ہمیشہ اتحادِ امت کو اپنی زندگی کا مشن بنایا۔ 2002ء میں ان کی قیادت میں متحدہ مجلس عمل نے انتخابات میں کامیابی حاصل کی۔ علامہ نورانی نے نتائج کی پراہ کئے بغیر ہمیشہ اصولوں پر مبنی سیاست کی اور دینِ اسلام کو اپنی سیاسی جدوجہد کا محور بنایا، زندگی کے آخری سانس تک دین کی سر بلندی کے لیے جدو جہد کرتے رہے ،اللہ پاک ان کی کاوشوں کو قبول فرمائے ۔علامہ شاہ احمدنورانی کی یوم وفات پرجاری اپنے پیغام میں اسداللہ بھٹو کا مزیدکہنا تھا کہ مولانا شاہ احمد نورانی جمعیت علمائے پاکستان کے صدر، ورلڈ اسلامک مشن کے چیئرمین کے ساتھ ملی یکجہتی کونسل اورملی یکجہتی کونسل پاکستان کے بانی صدر بھی رہے ان کوقریب سے دیکھنے کا موقعہ ملابلاشبہ وہ درویش صفت قائداور عالم اسلام کے ایک عظیم رہنما تھے۔ وہ پاکستان کی مختلف سیاسی تحریکوں میں ایک مقتدر راہنما کی حیثیت سے نمایاں رہے۔

قیدوبند کی صعوبتوں کو لبیک کہتے رہے۔قومی اسمبلی اور سینٹ میں ان کے سیاسی کردار کو بڑی پذیرائی ملی، وہ اقتداری قوتوں کو للکارتے بھی رہے۔انہوں نے کہاکہ مولانا نورانی مرحوم کی یہ ایک بڑی واہم خاصیت تھی کہ وہ رمضان المبارک میں اپنی تمام سیاسی مصروفیات ترک کرکے کراچی میں قرآن پاک سنانے کے لئے موجود رہتے۔وہ خوش الحان قاری اور حافظ قرآن تھے۔انہوں نے زندگی بھررمضان المبارک میں قرآن پاک سنانے کا ناغہ کبھی نہیں کیا اور اپنی زندگی میں نماز تراویح میں کئی سال قرآن پاک سنانے کی سعادت حاصل کی۔آج کے ملکی وعالمی صورتحال کے پیش نظر ان کی کمی شدت سے محسوس کی جارہی ہے۔یاد رہے کہ علامہ نورانی جمعرات 11دسمبر 2003میں انتقال فرماگئے تھے۔#