یوسی 5 مسکن چورنگی، بائیکو پمپ سے متصل سڑک کی تعمیر شروع گلشن اقبال میں ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں، ڈاکٹر فواد


کراچی (صباح نیوز)چیئرمین گلشن اقبال ٹاون ڈاکٹر فواد احمد نے کہا ہے کہ گلشن اقبال میں مرحلہ وار ترقیاتی کاموں کا جال بچھا رہے ہیں ،عوام سے وصول ہونے والیٹیکس کے پیسے کا بہترین استعمال عوام کو سہولیات مہیا کرنے میں منحصر ہے ،

ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوسی 5 مسکن چورنگی ، بائیکو پمپ سے متصل سڑک کی استرکاری کے کاموں کا معائنہ کرتے ہوئے کیا۔ ماضی میں پانی و سیوریج کے رسا کے سبب سڑک کھنڈر کا منظر پیش کر رہی تھی   جس کا فوری نوٹس لیا، پہلے پانی و سیوریج میں موجود رسا کے مسائل اپنی مدد آپ کے تحت حل کروائے جس کے بعد  سڑک کی بہتری کے حوالے سے بھی کاموں کا آغاز کر دیا گیا انہوں  نے مزید کہا کہ فراہمی و نکاسی آب کراچی میں ایک سنگین صورتحال اختیار کرتا جارہا ہے ، ارباب اختیار کو اس پورے سسٹم کو ازسرنو درست کرنے کی ضرورت ہے ، سڑکوں کے انفراسٹرکچر کو درست کرنے کیلئے فراہمی و نکاسی آب کے مسائل کے حل کے بغیر ممکن نہیں۔ اس موقع پر ایکسی این بی اینڈ آر راشد فیاض نے چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد کو ترقیاتی کاموں کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ ترقیاتی کام میں معیار کا خاص خیال رکھا گیا ہے اور  اس  سے یہاں کے مکین طویل المعیاد بنیادوں پر مستفید ہوسکیں گے ۔

اس موقع پر علاقہ مکینوں نے بھی چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد اور پوری گلشن ٹاون انتظامیہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ہم روز روز ابتر صورتحال کے سبب تقریبا مایوس ہوگئے تھے ، مگر جس طرح چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے ہمارے مسائل سنے اور اس کیلئے عملی اقدامات کروائے ، اس کیلئے ہم ان کے مشکور و ممنون رہیں گے ۔ اس موقع پر یوسی 5 کے چیئرمین مظفر اقبال ، وائس چیئرمین آصف حسن ، گلشن اقبال ٹاون کے افسران و علاقہ معززین بھی موجود تھے