انسدادِ بدعنوانی کی کوششوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ضرورت ہے،صدرمملکت


اسلام آباد (صباح نیوز) صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ  انسدادِ بدعنوانی کی کوششوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ضرورت ہے،ہر سطح پر کرپشن سے پاک کلچر کی تشکیل کیلئے اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی ۔ صدر مملکت   نے کرپشن کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہا کہ کرپشن کے تباہ کن اور ہمہ گیر اثرات بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے عالمی یومِ انسدادِ بدعنوانی منا رہے ہیں،یہ دن کرپشن کے خلاف جدوجہد ، شفافیت اور احتساب فروغ دینے کی ذمہ داری کی یاددہانی کراتا ہے ،

  کرپشن سے عوامی اعتماد مجروح ہوتا  ہے،  کرپشن وسائل کے ضیاع کا باعث، سماجی و اقتصادی ترقی متاثر کرتی ہے، کرپشن کے خلاف جنگ کسی ایک ادارے کی کوششوں سے جیتنا ممکن نہیں ، بدعنوانی ایک بڑا چیلنج ہے ، کرپشن کی پیچیدگیوں کے پیشِ نظر ریاست کے تمام ستونوں کو موثر کوششیں کرنا ہوں گی، کرپشن کی بنیادی وجوہات پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ،معاشرے کے ہر طبقے، خصوصا نوجوانوں، سول سوسائٹی اور شہریوں کو بدعنوانی کے خاتمے کیلئے مل کر کام کرنا ہے ،

صدر مملکت نے کہا کہ انسدادِ بدعنوانی کی کوششوں میں فعال طور پر حصہ لینے کی ضرورت ہے ،احتساب کے کلچر کے فروغ ، انسدادِ بدعنوانی کا نظام بہتر بنانے کے لیے تجاویز پیش کریں، ہر سطح پر کرپشن سے پاک کلچر کی تشکیل کیلئے اجتماعی رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی، پاکستان نے انسدادِ بدعنوانی کے بین الاقوامی فریم ورکس کی روشنی میں اہم اقدامات  لئے ، معاشرے سے کرپشن کی عادت ختم کرنے کیلئے کاوشیں جاری رکھنا ہوں گی۔انہوںنے کہا کہ نیب کرپشن کے مقدمات کی تحقیقات، کرپشن کے مضر اثرات بارے عوامی شعور اجاگر کرنے میں مرکزی کردار ادا کررہا ہے، روک تھام کے ذریعے کرپشن کا خاتمہ بھی نیب کی اہم ذمہ داری ہے، شفافیت اور دیانتداری کا ماحول تشکیل دینے کیلئے سب کو  مل کر کام کرنا ہے ۔