ترقی کیلئے پاکستان کو امن سکون اور استحکام دینا ہو گا۔ احسن اقبال

نارووال(صباح نیوز)وفاقی وزیر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ احسن اقبال نے کہا ہے کہ مسلم لیگ کی حکومت میں ہر طرف تعمیر و ترقی نظر آ رہی ہے، ترقی کیلئے پاکستان کو امن سکون اور استحکام دینا ہو گا۔

چارسالوں میں صرف چور چور کا راگ الاپا گیا۔بدوملہی میں “سڑکیں بحال پنجاب خوشحال پروگرام”کے تحت قلعہ کالروالہ بدوملہی روڈ کی بحالی و مرمت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ چار سال برسراقتدار  رھنے والوں نے اپنے دور میں کیا کیامسلم لیگ کی حکومت میں ہر طرف تعمیر و ترقی نظر آ رہی ۔تبدیل کا مہاتما آج اڈیالہ جیل کے اسی سیل میں قید ہے جہاں انہوں نے اپنے دور میں مجھے رکھا ہوا تھا۔اڈیالہ میں دیسی مرغ کھانے اور سوپ پینے کے بعد بھی اس کی چیخیں نکل رہی ہیں۔

امریکی کانگریس کے ممبران سے عافیہ صدیقی کی رہائی اور کشمیر کی آزادی کی بجائے اپنی رہائی کیلئے دستخط کروا رہاہے۔وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ اسلام آباد میں پی۔ٹی۔آئی کی بجائے پولیس اور رینجرز کا قتل عام ہوا ہے۔کون سی سیاسی جماعت ہے جو آنسو گیس اور جدید ہتھیاروں سے لیس ہوکر پولیس پر حملہ آور ہوتی ہے۔2014 میں بھی دھرنا اور سول نافرمانی کی کال دی تھی اور پاکستان کے پاسپورٹ کو جلایا گیا تھا اور آج بھی یہ اپنے تخریبی ایجنڈے پر عمل پیرا ہیں۔

وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ پی۔ٹی۔آئی والے چاہتے ہیں کہ پاکستان میں کوئی سرمایہ کاری نہ کرے۔جس شخص نے کبھی یونین کونسل نہیں چلائی 2018 میں کچھ ججوں اور جرنیلوں نے اپنے بچوں کے کہنے پر اس ملک پر مسلط کیا۔اپنی نااہلی کی وجہ سے اس نے پاکستان کی معیشت کی اینٹ سے اینٹ بجا کے رکھ دی۔12 جماعتوں نے مل کر جب حکومت سنبھالی تو ہمیں مشکل ترین فیصلے کرنے پڑے ہمیں اپنی سیاست سے زیادہ ریاست عزیز ہے عمران خان نے آئی۔ایم۔ایف کے ساتھ جو معاہدے کیے اس کے نتیجے میں پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں کو مہنگا کرنا پڑا۔اس مہنگائی کی لہر سے لوگ صبر سے گزرے اور کوئی احتجاج نہیں ہوا کیونکہ لوگوں کو علم تھا کہ اس کڑوی گولی کا ذمے دار وہ شخص ہے جو پاکستان کو بیماری میں مبتلا کرکے گیا ہے۔

انہوں نے کہاآج ہماری سٹاک مارکیٹ بہتر انداز میں کام کررہی ہے۔آج سرمایہ داروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہاہے۔ترقی کیلئے پاکستان کی دھرتی کو امن سکوں اور استحکام دینا ہو گا۔ یہ جماعت فسادی اور انتشاری ٹولے کے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے۔ان کے پیچھے موجود اسرائیلی لابی چاہتی ہے کہ دنیا کی توجہ فلسطین سے ہٹ کر پاکستان پر لگ جائے۔یہ پاکستان کے دوستی کی بجائے دشمنی کر رہے ہیں۔ہم نے پاکستان کے نوجوانوں کو گالی گلوچ کی بجائے کمپیوٹر اور آئی۔ٹی کی تعلیم دینی ہے۔پی۔ٹی۔آئی نے اپنے دور میں نارووال میں کونسا تعلیم کا منصوبہ لگایا اور کون سا تعمیراتی منصوبہ بنایا۔پی۔ٹی۔آئی کی سوچ ترقی پر مبنی نہیں ہے۔

ترقی کے لحاظ سے پی۔ٹی۔آئی اور مسلم لیگ۔ن۔ کا اتنا ہی فرق ہے جتنا کہ دن اور رات کا ہے۔پاکستان کے طول و عرض میں تمام ترقی کے منصوبوں پر نواز شریف کی تختی لگی ہوئی ہے۔بدوملہی اسٹیشن کے ساتھ ملحقہ اراضی پر پبلک پارک بنایا جائے گا۔نارووال میڈیکل کالج میں اس سال 100 بچوں کا داخلہ ہو گا۔ہم عنقریب اپنا 5سالہ ترقیاتی منصوبہ پیش کریں گے۔ہم پاکستان سے غربت،بیماری اور بدامنی کو ختم کریں گے۔پاکستان کی ترقی بہترین انفراسٹرکچر اور نوجوانوں کو تعلیم مہیا کرنے سے ہوگی۔آج بدوملہی کے شہریوں کے دیرینہ مسائل کا حل کردیا گیاہے۔پہلی بار بھی اس سڑک کی تعمیر بھی مسلم لیگ کے دور میں ہی ہوئی تھی۔احسن اقبال نے بدوملہی قصبے میں فٹبال گراونڈ کا سنگ بنیاد بھی رکھ دیا۔