اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر معذور افراد کے لیے ایک جامع اور مساوی معاشرہ بنانے کے اپنے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ۔ پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ ان کی جماعت ہمیشہ پسماندہ طبقات، بشمول معذور افراد کے حقوق کے تحفظ میں پیش پیش رہی ہے۔
بلاول بھٹو زرداری نے 2024 کی تھیم، ”معذور افراد کی قیادت کو مضبوط بنانا، جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے”کی توثیق کرتے ہوئے ایک بہتر پاکستان کی تعمیر میں معذور افراد کے کلیدی کردار اور ان کی خدمات کو تسلیم کرنے کی اہمیت پر زور دیا ہے۔معذورافراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے بیان میں بلاول بھٹو زرداری کاکہنا تھا کہ روزگار کے لیے کوٹہ کو یقینی بنانے سے لیکر شمولیتی تعلیمی پالیسیوں کے نفاذ تک، ہم نے ہمیشہ معذور افراد کو بااختیار بنانے اور انہیں معاشرے میں مساوی شراکت دار کے طور پر شامل کرنے کے لیے کام کیا ہے۔
چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے زور دیا کہ معذور افراد کو مساوی مواقع فراہم کرنا اور عوامی بنیادی ڈھانچے، صحت اور تعلیم تک رسائی دینا صرف قانونی ذمہ داری نہیں بلکہ ایک ترقی پسند معاشرے کا اخلاقی فرض بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ان سماجی تعصبات اور دقیانوسی تصورات کو ختم کرنے کی ضرورت ہے جو عدم مساوات کو بڑھاتے ہیں اور ایک ایسا ماحول پیدا کرنا ہوگا جہاں ہر فرد ترقی کر سکے۔ انہوں نے 2024 ء کے موضوع کی توثیق کرتے ہوئے کہا کہ معذور افراد کو نہ صرف فیصلہ سازی کے عمل میں شامل کیا جائے بلکہ پائیدار مستقبل کے لیے قیادت کے لیے بھی بااختیار بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ معذور افراد کا قائدانہ کرادر ایک حقیقی جامع پاکستان کے حصول کے لیے کلیدی حیثیت رکھتا ہے۔ انہوں نے وفاقی اور دیگر صوبائی حکومتوں سے اپیل کی کہ وہ معذور افراد کے حقوق سے متعلق قوانین کے نفاذ کو مضبوط بنائیں اور سندھ کی مثال سے سیکھیں۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان پیپلز پارٹی تمام شہریوں کے لیے شمولیت، مساوات اور وقار کے فروغ کے مشن پر قائم ہے تاکہ کوئی شہری پائیدار ترقی کے حصول سے محروم نہ رہ جائے۔