اسلام آ باد(صباح نیوز)وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہم معذور افراد کو تعلیم، روزگار، صحت کی دیکھ بھال اور عوامی زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے بامعنی اقدامات کر رہے ہیں ۔ ہمیں ایسے رویوں کو چیلنج کرنے کے لیے بھی شعوری کوششیں کرنی چاہئیں جو معذور افراد امتیازی سلوک کو روا رکھتے ہیں۔
ان خیالات کااظہار وزیر اعظم شہباز شریف نے معذور افراد کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کیا۔ وزیراعظم شہباز شریف کاکہنا تھا کہ آج دنیا بھر میں معذور افراد کا عالمی دن منایا جا رہا ہے ، یہ دن ہمارے معاشرے میں معذور افراد کے حقوق، وقار اور ان کی شمولیت کو فروغ دینے کے عالمی برادری کے اجتماعی عزم کی نشاندہی کرتا ہے، اس سال کے عالمی دن کا موضوع، “ایک جامع اور پائیدار مستقبل کے لیے معذور افراد کی قیادت کو بڑھانا،” اس امر کی نشاندہی کرتا ہے کہ ایک زیادہ جامع دنیا جانب سفر کی قیادت ان لوگوں کو کرنی چاہیے جو اس کے چیلنجوں کو خود سمجھتے ہوں۔ ہم معذور افراد کو تعلیم، روزگار، صحت کی دیکھ بھال اور عوامی زندگی میں مساوی مواقع فراہم کرنے کے لئے بامعنی اقدامات کر رہے ہیں ۔
وزیر اعظم شہبازشریف کاکہنا تھا کہ ہماری حکومت ان جامع پالیسیوں کو نافذ کرنے کے لیے تندہی سے کام کر رہی ہے جو معذور افراد کو بااختیار بناتی ہیں، اور ان کے لیے سماجی رکاوٹوں کو دور کرنے میں مددگار ثابت ہوتی ہیں، ہم اس امر کو یقینی بنا رہے ہیں کہ معذور افراد کا نقطہ نظر ہماری قومی ترقی کی پالیسی میں شامل ہو، اور ہم ایک ایسے معاشرے کی تعمیر کریں جو قائدین، اختراع کاروں، اور تبدیلی سازوں کے طور پر ان کی شراکت کو اہمیت دیتا ہو۔ معذور افراد کے لیے دوستانہ قوانین کا نفاذ اس وژن میں مرکزی حیثیت رکھتا ہے۔
مزید برآں، ہمیں معذور افراد کی مدد کے لیے انتھک محنت کرنے والوں، ان کی نگہداشت کرنے والوں، وکالت کرنے والے افراد اور تنظیموں کے کام اور انکے تعاون کو سراہنا چاہیے۔ وزیر اعظم کاکہنا تھا کہ میں سرکاری اداروں، کاروباری شعبے اور سول سوسائٹی پر زور دیتا ہوں کہ وہ معذور افراد کی راہ میں رکاوٹوں کو دور کرنے اور ایسے ماحول کو فروغ دینے میں اپنا کردار ادا کریں جہاں معذور افراد بطور رہنما اپنا کردار ادا کر سکیں۔