اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم نے عافیہ صدیقی کی رہائی کیلئے امریکہ جانے والے وفد کی مالی معاونت کی سمری پر دستخط کردیئے ۔ پیر کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس سردار اعجاز اسحاق خان نے کیس کی سماعت کی، ایڈیشنل اٹارنی جنرل، نمائندہ وزارت خارجہ، ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کے وکیل عمران شفیق اور عدالتی معاون زینب جنجوعہ عدالت میں پیش ہوئے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دوگل نے اسلام آباد ہائی کورٹ کو آگاہ کیا کہ وزیراعظم نے عافیہ صدیقی کیس میں امریکہ جانے والے وفد کو مالی معاونت فراہم کرنے کی سمری پر دستخط کردیئے ہیں۔وزارت خارجہ کے نمائندے نے بتایا کہ وفد کے ویزوں سے متعلق درخواست وزارت خارجہ نے بھیج دی ہے امید ہے ایک ہفتے تک منظوری ہو جائے گی، ہم ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ہر ممکن مدد کر رہے ہیں۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے کہا کہ ذاتی وجوہات کی بنا پر سینیٹر عرفان صدیقی وفد کے ساتھ نہیں جا سکتے، حکومت کی جانب سے سینیٹر بشریٰ وفد کے ساتھ امریکہ جائیں گی۔عدالت نے کیس کی سماعت 13 جنوری تک ملتوی کردی۔
Load/Hide Comments