اپوزیشن احتجاجی سیاست کے بجائے عام انتخابات کا انتظار کرے،چوہدری سرور


لاہور(صباح نیوز)گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ اپوزیشن احتجاجی سیاست کے بجائے عام انتخابات کا انتظار کرے۔

گورنر پنجاب سے پارٹی وفود نے ملاقاتیں کیں۔ اس موقع پر چوہدر ی سرور  نے کہا کہ  اپوزیشن کے نمبرز پورے ہونگے نہ ہی ان کا حکومت ہٹاؤ مشن کامیاب ہوگا، پارٹی اور اتحادی جماعتوں کا وزیر اعظم عمران خان پر مکمل اعتماد ہے۔

انہوں نے کہا کہ  اقتدار سے آؤٹ اپوزیشن سن لیں کپتان آج بھی ڈٹ کے کھڑا ہے، اپوزیشن خواب ہی دیکھتے رہ جائے گی اور 2023 کا الیکشن آجائے گا، عوام نے تحریک انصاف کی حکومت کو پانچ سال حکومت کا مینڈ یٹ دیا ہے، وزیر اعظم عمران خان پہلے سیاسی مخالفین سے بلیک میل ہوئے نہ اب ہونگے، اپوزیشن احتجاجی سیاست کی بجائے عام انتخابات کا صبر سے انتظار کرے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں یکساں ترقی حکومت کا مشن ہے، عوام کو بھی خوشحال مضبوط بنائیں گے، موجودہ حکومت ملک کو درست سمت میں ڈالنے کی پالیسی پر گامزن ہے، صحت کارڈ پاکستان کی تاریخی منصوبہ ہے، حکومت عوام کیساتھ کھڑی ہے۔