پاکستان نے فیصلہ کن ون ڈے میچ میں زمبابوے کو 99 رنز سے شکست دیکر 3میچوں کی سیریز اپنے نام کرلی

بلاوائیو  (صباح نیوز ) پاکستان نے تیسرے اور فیصلہ کن ون ڈے میچ میںزمبابوے کو 99 رنز کے بڑے مارجن سے ہرا کر تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز اپنے نام کر لی۔ تفصیلات کے مطابق  بلاوائیو میں کھیلے گئے میچ میں پاکستان نے زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ قومی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں6وکٹوں کے نقصان پر 303رنز اسکور کیے۔ 304رنز کے ہدف کے جواب میں میزبان ٹیم 41 ویں اوور میں 204 رنز  بنا کر آئوٹ ہوگئی۔  ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے پاکستان نے چھ وکٹوں کے  نقصان پر 303 رنز بنائے۔

عبداللہ شفیق اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا، پاکستان کی پہلی وکٹ 58 کے مجموعی اسکور پر گری، صائم ایوب 31رنز بنا سکے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور جب 112 پر پہنچا تو عبداللہ شفیق 50 رنز بنا کر سکندر رضا کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔ پاکستان کی تیسری وکٹ 201 رنز کے مجموعی اسکور پر گری،کپتان محمدرضوان 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کا مجموعی اسکور 232ہوا تو پاکستان کی چوتھی وکٹ کامران غلام کی گری ۔ انہوں نے شاندار 103 رنز بنائے۔ پانچویں وکٹ 273 کے اسکور پر گری، سلمان علی آغا 30 رنز بنا کر کیچ آئوٹ ہوئے۔

چھٹی وکٹ عرفان خان کی گری۔ پاکستان نے مقررہ اوورز میں چھ وکٹوں کے  نقصان پر 303 رنز بنائے اور زمبابوے کو 304 رنز کا ٹارگٹ دیا۔ زمبابوے کی جانب سے سکندر رضا اور رچرڈ نگاروا نے 2، 2 جبکہ فراز اکرم اور بلیسنگ موزاربانی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ زمبابوے کی جانب سے کریگ ایروائن 51 اور برائن بینٹ 37 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ آدیوناشے مرومانی اور شان ولیمنز نے 24، 24 رنز کی اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ہوم ٹیم کا کوئی کھلاڑی خاطر خواہ کارکردی نہیں دکھا سکا۔

  ٹاس کے موقع پر محمد رضوان نے کہا کہ ہم ینگ ٹیلنٹ کو چانس دے رہے ہیں تاکہ چیمپئنز ٹرافی میں مدد مل سکے،   محمد رضوان نے کہا کہ نوجوان پلیئرزاچھی کارکردگی کا مظاہر ہ کررہے ہیں ۔ہماری نظر چیمپئنز ٹرافی پر ہے۔  آخری ایک روزہ میچ کے لیے قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی ہے اور دوسرے میچ کی ٹیم کو برقرار رکھا گیا ہے۔  واضح رہے کہ  پہلا میچ زمبابوے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے تحت جیتا تھا جب کہ دوسرے میں قومی ٹیم کو کامیابی ملی تھی۔