اسلام آباد(صباح نیوز)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)نے اپنے فیصلوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار ۔ متعلقہ وزارتوں کو ای سی سی کے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے دیگر اسٹیک ہولڈر وزارتوں اور ڈویژنز کے ساتھ بہتر ہم آہنگی قائم کرنے اور کسی بھی رکاوٹ کے خاتمے کے لیے موثر حکمت عملی اپنانے کی ہدایات ۔تفصیلات کے مطابق وزارتِ خزانہ کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)کا خصوصی اجلاس وزارتِ خزانہ میں وفاقی وزیر برائے خزانہ و ریونیو سینیٹر محمد اورنگزیب کی زیرِ صدارت منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر برائے صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین، وزیر برائے توانائی سردار اویس احمد خان لغاری، وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقیات و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وزیر برائے تجارت جام کمال خان، وفاقی سیکریٹریز اور متعلقہ وزارتوں و محکموں کے سینئر افسران شریک ہوئے جبکہ وزیر مملکت برائے خزانہ و ریونیو علی پرویز ملک نے آن لائن اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں ای سی سی کے مالیات، داخلہ، صنعت و پیداوار، بین الصوبائی رابطہ، تعمیرات و رہائش، غذائی تحفظ و تحقیق، توانائی، اور قومی صحت کے ضابطہ کار امور سے متعلق پہلے سے لیے گئے فیصلوں کی عمل درآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
اجلاس کے دوران متعلقہ وزارتوں کی جانب سے زیر التوا مسائل کی موجودہ صورتحال اور ان کے حل کے لیے کیے گئے اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ ای سی سی نے اپنی سابقہ ہدایات و فیصلوں پر عمل درآمد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ وزارتوں کو ہدایت دی کہ وہ دیگر اسٹیک ہولڈر وزارتوں اور ڈویژنز کے ساتھ بہتر ہم آہنگی قائم کریں اور کسی بھی رکاوٹ کے خاتمے کے لیے مثر حکمت عملی اپنائیں۔ کمیٹی نے اس بات پر زور دیا کہ تمام متعلقہ ادارے جلد از جلد ای سی سی کے فیصلوں پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں اور اس ضمن میں مقررہ ذمہ داریوں کو بروقت مکمل کریں۔