الحمدللہ 9 مئی کے ”ٹو”پلان کو ناکام بنایا گیا ہے،مریم اورنگزیب

لاہور (صباح نیوز) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ الحمدللہ 9 مئی کے ”ٹو”پلان کو ناکام بنایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 9 مئی کو کارکنوں کو آگے لگا کر فوجی تنصیبات پر حملے کیے گئے، جبکہ 26 نومبر کو کرائے کے دہشت گردوں اور اسلحے کے ذریعے رینجرز اور پولیس کو شہید کروایا گیا۔انہوں نے کہا کہ ڈی چوک آنے کا مقصد صرف رینجرز اور پولیس کی لاشیں اٹھانا تھا۔ ”2014 میں ڈی چوک میں قبریں کھودی گئیں اور 2024 میں پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے وہاں سے فرار ہو گئے۔

”مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ پولیس اور رینجرز کی شہادتوں کے ذمہ دار عمران خان، بشریٰ بی بی اور علی امین گنڈاپور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ کفن باندھ کر آنے کے دعوے کرتے تھے وہ پولیس اور رینجرز کو شہید کر کے بلٹ پروف گاڑیوں میں فرار ہو گئے۔

سینئر صوبائی وزیر نے الزام عائد کیا کہ پی ٹی آئی نے دہشت گردوں کو کرائے پر لا کر ملک کو آگ میں جھونکنے کی کوشش کی۔ ”جو کچھ عوام نے تین دن تک دہشت گردی کی صورت میں دیکھا، وہ پی ٹی آئی کا اصل چہرہ ہے۔” انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ ”ہارڈنڈ کرمنلز” کا ایک گروہ ہے، اور عمران خان کا نام نہاد انقلاب دم دبا کر بھاگ چکا ہے۔