اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے بانی عمران خان نے کہا ہے کہ جب تک ہمارے مطالبات پورے نہیں ہوتے ہم پیچھے نہیں ہٹیں گے، میرا اپنی ٹیم کو پیغام ہے کہ آخری بال تک لڑیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق عمران خان کے آفیشل ایکس ہینڈل پر جاری بیان کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے پاکستانی قوم اور تحریک انصاف کے کارکنان کو سلام پیش کیا ہے جو اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہوئے ہوئے۔ بانی پی ٹی آئی نے کہاکہ محسن نقوی کی ہدایات پر رینجرز اور پولیس نے ہمارے کارکنوں پر فائرنگ اور شیلنگ کرکے پرامن شہریوں کو شہید اور زخمی کیا، اسے اس کا حساب دینا ہوگا۔
عمران خان نے کہاکہ شہری نہ صرف پرامن تھے بلکہ شیلنگ اور فائرنگ کرنے والے پولیس اور رینجرز کو بھی ریسکیو کرتے رہے۔ اوورسیز پاکستانیوں کا بھی شکریہ جو نہ صرف پاکستان میں موبلائزیشن کررہے ہیں بلکہ فنڈز بھیج رہے ہیں بلکہ اپنے اپنے ملکوں میں بھی تاریخی مظاہرے کیے۔ انہوں نے کہاکہ سوشل میڈیا وارئیرز بھی دنیا بھر میں ہمارے مطالبات اور پاکستان میں جاری ظلم و ستم کی بھرپور کوریج جاری رکھیں۔ عمران خان نے کہاکہ مجھے ملٹری کورٹ میں ٹرائل کی دھمکیاں دینے والوں کے لیے پیغام ہے کہ جو کرنا ہے کرلو میں اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹوں گا۔ انہوں نے کارکنوں نے اپیل کی کہ جو اب تک نہیں پہنچ پائے وہ بھی ڈی چوک پہنچیں اور مظاہرے میں شامل تمام پاکستانی پرامن رہیں، متحد رہیں اور ڈٹے رہیں۔ انہوں نے کہاکہ مطالبات پورے ہونے تک جدوجہد جاری رہے گی کیونکہ یہ پاکستان کی بقا اور حقیقی آزادی کی جدوجہد ہے۔