9مئی کو فسادات کرنے والے پھر سے پرتشدد کارروائیاں کر رہے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف


اسلام آباد (صباح نیوز) وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے مظاہرین کی جانب سے پولیس اہلکاروں پر حملہ قابل مذمت ہے۔ فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے پولیس اہلکار کو پوری قوم خراج عقیدت پیش کرتی ہے۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ جب جب ملک ترقی کی منازل طے کرنے لگتا ہے، شرپسند جلائو گھیرا ئوشروع کردیتے ہیں۔ وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے احتجاج کیلئے آئے لوگوں کی جانب سے پولیس اہلکار کو شہید کرنے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ شہباز شریف نے کانسٹیبل مبشر شہید کے اہل خانہ سے تعزیت اور مرحوم کیلئے بلندی درجات کی دعا کی۔ 9 مئی 2023 کو فسادات برپا کرنے والے ایک بار پھر پرتشدد کارروائی کررہے ہیں۔

شہباز شریف نے احتجاجی مظاہرین کی جانب سے فائرنگ اور پتھرائو  میں زخمی ہونے والے پولیس اہلکاروں کو ہرممکن طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔انہوں نے پولیس سپاہی کی شہادت میں ملوث عناصر کی فوری نشاندہی کرکے قرارواقعی سزا دلوانے کی ہدایت کی ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ  کانسٹیبل مبشر ایک ایسے گروہ کے ہاتھوں شہید ہوئے جو ملکی ترقی کا دشمن ہے، نام نہاد امن پسند احتجاجیوں کا پولیس اہلکاروں کو زخمی اور شہید کرنے کا عمل قابل مذمت ہے۔ واضح رہے کہ پی ٹی آئی کا پشاور سے آنے والا احتجاجی قافلہ اسلام آباد کی جانب گامزن ہے، پنجاب کی حدود میں داخل ہونے پر پولیس کے ساتھ جھڑپ میں پنجاب پولیس کا سپاہی شہید ہوگیا۔ وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے دعوی کیا ہے کہ پولیس کے 70 سے زیادہ اہلکار زخمی بھی ہیں، جن میں سے 5 کی حالت تشویشناک ہے۔