ٹی20 کرکٹ کی تاریخ کا نیا عالمی ریکارڈ، 7 رنز پر پوری ٹیم آؤٹ


لاگوس (صباح نیوز)آئیوری کوسٹ کی کرکٹ ٹیم نے انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) مینزٹی 20 ورلڈ کپ کے سب ریجنل افریقہ کوالیفائر گروپ سی کے میچ میں 7 رنز پر آوٹ ہو کر اور نائجیریا کے ہاتھوں 264 رنز سے شکست کھا کر کرکٹ کی تاریخ میں سب سے کم اسکور بنانے کا ریکارڈ اپنے نام کرلیا۔نائجیریا کی ٹیم نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا، جس میں میچ کے بہترین کھلاڑی سلیم سالا نے 53 گیندوں پر 112 رنز کی شاندار اننگز کھیلی جب کہ سلیمان رنسیوے نے 29 گیندوں پر 50، آئزک اوکپے نے 23 گیندوں پر 65 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اس طرح نائجیریا کی ٹیم نے 4 وکٹوں کے نقصان پر 271 رنز کا ٹی20 کا تاریخ ساز اسکور کیا۔

آئیوری کوسٹ نے بیٹنگ کا آغاز کیا تو نائیجریا کے باولز نے ایسی تباہ کن باولنگ شروع کی کہ آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم 7.3 اوورز میں محض 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔نائجریا کے بائیں ہاتھ کے اسپنر اسحاق دانلیڈی اور فاسٹ بولر پرسپر اسینی نے 3،3 وکٹیں حاصل کیں جبکہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر پیٹر آہو نے 2 اور سلویسٹر اوکپے نے ایک وکٹ حاصل کی جبکہ ایک کھلاڑی رن آوٹ ہوا۔

آئیوری کوسٹ کی جانب سے اوپنر اوتارہ محمد نے ٹاپ اسکورر رہے جنہوں نے 6 گیندوں پر 4 رنز بنائے۔ آئیوری کوسٹ کے بلے بازوں کا بالترتیب اسکور 4، 0، 1، 0، 0، 1، 0، 1، 0، 0 اور 0 رہا۔یہ مردوں کے ٹی 20 انٹرنیشنل میچوں میں سنگل ڈیجٹ ٹیم کے اسکور کا پہلا واقعہ ہے اور ٹی20 فارمیٹ میں اس سے پہلے سب سے کم اسکور10 ہے، یہ ریکارڈ اس سے قبل 2 مرتبہ بنا پہلا سب سے کم اسکور ستمبر میں منگولیا بمقابلہ سنگاپور تھا اور دوسرا گزشتہ سال آئیل آف مین بمقابلہ اسپین تھا۔نائجیریا نے264 رنز سے ٹی20 میچ جیت کر مردوں کے ٹی 20 میچوں میں سب سے زیادہ رنز سے جیتنے والی ٹیموں کی فہرست میں تیسرے نمبر پر جگہ بنا لی ہے،

اس سے قبل زمبابوے نے گزشتہ ماہ گیمبیا کو 290 رنز سے شکست دی تھی جبکہ نیپال نے ستمبر 2023 میں ہانگچو میں ہونے والے ایشین گیمز میں منگولیا کو 273 رنز سے شکست دی تھی۔یہ نائجیریا کی گروپ میں دوسری جیت تھی جبکہ آئیوری کوسٹ کی گروپ میں دوسری شکست تھی ، اس سے قبل آئیوری کوسٹ پہلے میچ میں سیرالیون کے ہاتھوں 168 رنز سے ہار گئی تھی اس میچ میں آئیوری کوسٹ کی پوری ٹیم 21 رنز پر آوٹ ہو گئی تھی۔ نائجیریا 6 ٹیموں کی ٹیبل میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ آئیوری کوسٹ سب سے نیچے ہے۔