پاکستان نے تیسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کو شکست دے کر سیریر جیت لی


پرتھ (صباح نیوز)پاکستان نے آسٹریلیا کو تیسرے ون ڈے میں 8 وکٹوں سے شکست دیکر سیریز 1-2 سے جیت لی۔پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں آسٹریلوی ٹیم 31.5 اوورز میں 140 رنز بناکر آل آئوٹ ہوگئی، اوپنرز نے جارحانہ کھیل پیش کرنے کی کوشش کی تاہم 20 کے مجموعی سکور پر جیک فریزر میک گرک 7 رنز بناکر نسیم شاہ کا شکار بنے، آرون ہارڈی 12 اور کپتان جوش انگلس 7، مارکس اسٹوئنس 8، ایڈم زمپا 13 گلین میکسویل صفر پر پویلین لوٹے۔ اوپنر میٹ شارٹ 22 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیل سکے۔میچ کے دوران ہاتھ پر گیند لگنے کے سبب کوپر کونولی 7 رنز بناکر ریٹائرڈ ہرٹ ہوئے اور دوبارہ بیٹنگ کیلئے نہ آسکے، کینگروز کیلئے 8ویں وکٹ کی شراکت میں 22 رنز کی پارٹنرشپ قائم ہوئی تاہم شان ایبٹ 22 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔

پاکستان کی جانب سے نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے 3، 3 حارث رئوف نے 2 جبکہ محمد حسنین نے ایک وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کے اوپنرز صائم ایوب اور عبداللہ شفیق نے پہلی وکٹ کیلئے 84 رنز کی پارٹنرشپ قائم کی، تاہم، عبداللہ 37 اور صائم ایوب 42 رنز بناکر آئوٹ ہوئے جبکہ بابراعظم 28 اور محمد رضوان 30 رنز بناکر ناٹ آئوٹ رہے۔آسٹریلیا کی جانب سے پاکستان کی دونوں وکٹیں لانس مورس نے حاصل کیں، انکے علاوہ کوئی بھی بالر وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب نہ ہوسکا۔قبل ازیں قومی ٹیم کے کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا۔صدر مملکت آصف علی زرداری نے  پاکستانی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے ،

صدر مملکت  نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا،پوری ٹیم اس شاندار کارکردگی پر مبارکباد کی مستحق ہے، امید ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی مزید کامیابیاں سمیٹے گی۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔وزیراعظم نے کہا کہ ،قوم کے لئے یہ انتہائی خوشی کا موقع ہے، پاکستان کے بائولرز اور بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا، بائیس سال بعد پاکستان کرکٹ ٹیم آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز میں انہی کے ملک میں سرخرو ہوئی، ہمیں اپنی کرکٹ ٹیم پر فخر ہے، اس سیریز میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تمام کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کی محنت عیاں تھی اور پاکستان کرکٹ ٹیم اس جیت کی پوری طرح مستحق ہے۔

قومی اسمبلی سردار ایاز صادق  نے  قومی کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کی سرزمین پر 22 سال کے بعد ون ڈے سیریز جیتنے پر مبارکباد دی ہے ۔سردارایازصادق نے کہا کہ قومی کرکٹ ٹیم نے آسٹریلوی ٹیم کو اس کے ہوم گرائونڈز پر ون ڈے سیریز میں1-2 سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کی،  پوری ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا، قومی ٹیم کی ون ڈے سیریز میں بہترین کارکردگی لائق تحسین ہے، امید ہے کہ قومی کرکٹ ٹیم مستقبل میں بھی اسی روایت کو برقرار رکھے گی، قومی کرکٹ ٹیم کسی بھی ملک کے خلاف میچ جیتنے کی صلاحیت رکھتی ہے۔چیئرمین پی سی بی محسن نقوی کی آسٹریلیا سے ون ڈے سیریز میں تاریخی کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ  آسٹریلیا جیسی مضبوط ٹیم کو ہوم گرائونڈ پر شکست دے کر ٹیم نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا، تاریخی جیت پر تمام کھلاڑی اور مینجمنٹ تعریف کے مستحق ہیں۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ قومی ٹیم نے فیلڈنگ، بائولنگ اور بیٹنگ میں آسٹریلیا کو آٹ کلاس کیا،   فتح نے پوری قوم کے چہروں پر خوشیاں بکھیر دی ہیں، 8 وکٹوں سے کامیابی ٹیم ورک کا نتیجہ ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ یقین ہے جذبے ، محنت اور عزم سے کئے ہر کام میں کامیابی ملتی ہے۔ وفاقی وزیر و صدر آئی پی پی عبدالعلیم خان کی قومی کرکٹ ٹیم کو ون ڈے سیریز میں کامیابی پر مبارکباد  دی ہے ۔وفاقی وزیرنے کہا کہ  شاباش شاہینوں، آسٹریلیا کے خلاف شاندار کارکردگی پر قوم کی خوشیاں دوبالا ہو گئیں ،تین ایک روزہ میچوں کی سیریز میں 1-2 سے کامیابی پر قومی ٹیم کاکریڈٹ ہے ، پوری ٹیم یک جان ہو کر کھیلی، خاص طور پر بائولنگ یونٹ نے بہترین کھیل پیش کیا ، آسٹریلیا کو آسٹریلیا میں شکست دینا آسان نہ تھا جسے قومی ٹیم نے 22 سال بعد ممکن کر دکھایا،

پاکستان کی بڑی ٹیم کے خلاف بڑی فتح پوری قوم کے لیے باعث فخر ہے۔ ،امید ہے قومی ٹیم جیت کا تسلسل برقرار رکھے گی اور ٹی ٹونٹی سیریز بھی اپنے نام کرے گی۔  چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام رانا مشہود احمد خاں کی پاکستان کرکٹ ٹیم کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے انٹرنیشنل سیریز جیتنے پر مبارکباددی ہے ۔رانا مشہور نے کہا کہ پاکستان کے بائولرز اور بلے بازوں نے آسٹریلیا کے خلاف بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔اس کے علاوہ تیسرے ون ڈے میچ جیتنے پر  سیاسی  شخصیات نے بھی قومی ٹیم کومبارکباد دی ہے۔