سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو حالات ان کے ہاتھ سے نکل جائیں گے۔کاشف سعید شیخ


کراچی( صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیر کاشف سعید شیخ نے کہا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں دہشتگردوں کیخلاف آپریشن کے اعلان کے بعد ملک خصوصا کے پی اور بلوچستان میں دہشتگردی میں تیزی آگئی ہے جبکہ سندھ میں ڈاکو راج نے لوگوں کا جینا محال کردیا ہے، حکمران اور عسکری ادارے دہشتگردی کے خاتمے میں مکمل طور پر ناکام ہوچکے ہیں، خیبرپختونخوا میں بدترین دہشتگردی کے باوجود وزیراعلیٰ اسلام آباد پر چڑھائی جبکہ وفاقی وزیرداخلہ سمیت پوری وفاقی حکومت پی ٹی آئی کے احتجاج کو کچلنے کیلئے ملک کو جام کرکے عالمی تماشہ بنارہے ہیں، عوام کا تحفظ تو دور کی بات یہاں تو پولیس، سیکورٹی ادارے کے لوگ بھی محفوظ نہیں ہیں۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اقتدار کا میوزیکل چیئر ختم کرکے عوام کی تحفظ کیلئے موثر اقدامات اور دوسروں کو دوش دینے کی بجائے اپنی کوتاہیوں کا اعتراف کرکے امن امان کے قیام کیلئے اقدامات کئے جائیں، سندھ میں حلیم عادل شیخ کے قافلے پر پولیس کا حملہ اور فائرنگ کی مذمت کرتے ہیں ہر پارٹی کو پرامن احتجاج کا آئینی حق حاصل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قباء آڈیٹوریم میں صوبائی نظم کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر صوبائی نائب امیر پروفیسر نظام الدین میمن، حافظ نصراللہ عزیز، افضال احمد آرائیں، منعم ظفر اور جنرل سیکریٹری محمد یوسف سمیت دیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔ صوبائی امیر نے مزید کہا کہ دریائے سندھ پر 07کروڑ لوگوں کی زندگی کا دارومدار ہے اگر ہم آج  بیدار نہ ہوئے تو سندھ کی زراعت، تاریخ اور کلچر سب کچھ برباد ہوجائے گا، سندھ کے ساتھ سب سے بڑی زیادتی سندھیوں کی نمائندہ جماعت پیپلزپارٹی کررہی ہے، سندھ حکومت نے ہوش کے ناخن نہ لئے تو حالات ان کے ہاتھ سے نکل جائیں گے کیوں کہ سندھو دریا سندھیوں کی ریڈ لائن ہے۔ پاکستان کے پچیس کروڑ عوام پر پانچ سو کھرب پتی فوج،پولیس اور سول بیوروکریسی کے ذریعے حکومت کررہے ہیں، اشرافیہ نے پچیس کروڑ عوام اور آنے والی نسلوں کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے، آج ملک میں دس کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے زندگی گذارنے پر مجبور جبکہ 80فیصد مائیں اور بچے صحت مند خوراک سے محروم ہیں،عالمی طاقتوں اور سود خورمالیاتی اداروں نے کرپٹ حکمرانوں کے ذریعے ملک پر قبضہ کرلیا ہے۔ کاشف سعید شیخ نے مزید کہا کہ تیل، گیس،کوئلے اور زراعت کی دولت سے مالا مال سندھ پر چوتھی مرتبہ حکومت کرنے والی پیپلزپارٹی کی حکومت ایڈز،کینسر، ٹی بی اور پولیو جیسی بیماریوں پر کنٹرول کرنے اور لوگوں کو بنیادی ضروریات زندگی فراہم کرنے میں بھی ناکام ہوچکی ہے جبکہ دوسری جانب ڈاکو معصوم بچوں، خواتین اور بزرگوں کو بھی تاوان کیلئے اغوا کرکے تشد د کی وڈیوز وائرل کرکے کروڑوں روپے تاوان طلب کرتے ہیں جنہیں سرکاری وڈیروں اور پولیس کی سرپرستی حاصل ہے جبکہ سکھر کے سنگرار سے ایک سال قبل اغواہونے والی معصوم بچی پریاکماری کی بازیابی ابھی تک اعلانات تک ہی محدود ہے جس سے ظالم اور بے حس حکمرانوں کی بدانتظامی اور ناقص حکمرانی صاف ظاہر ہوچکی ہے۔#