مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرایا جائے، حریت کانفرنس


سری نگر: کل جماعتی حریت کانفرنس  نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں نے کشمیریوں کو مسلسل سیاسی، سماجی، مذہبی اور دیگر انسانی حقوق سے محروم رکھنے پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ جنگ کے سائے میں جہنم جیسی زندگی گزار نے پر مجبورہیں۔

قابض بھارتی فورسز کی طرف سے اظہار رائے کی آزادی کا گلا گھونٹنے، صحافیوں کی جبری گرفتاریوں، سرینگر کی جامع مسجد میں نماز ادا کرنے کی اجازت نہ دینے اور شہری آزادیو ں پر مسلسل پابندی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارت کے دس لاکھ سے زائد فوجی اور پیراملٹری اہلکارتعینات ہیں جنہوں نے علاقے کوایک بڑی جیل میں تبدیل کر دیاہے جہاں کشمیری عوام بغیر کسی حقوق کے کسمپرسی کی زندگی گزار نے پر مجبور ہیں۔حریت ترجمان نے کشمیری عوام کے مزاحمتی عزم کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ کشمیر کے بہادر عوام عصر حاضر کی سب سے بڑی فوجی موجودگی اور مظالم کا سامنا کر رہے ہیں اور انہوں نے تمام ظاہری اور خفیہ سازشوں بشمول فوجی آپریشنوں، نام نہاد کیچ اینڈ کل اور آپریشن آل آوٹ کو ناکام اور پسپا کر دیا ہے جن کا مقصد کشمیریوں کی نسل کشی تھا۔

حریت ترجمان نے حریت پسند کشمیر ی عوام کی بہادری اور استقامت کو سراہتے ہوئے کہا کہ عوام پر ڈھائے جانے والے منظم مظالم سے بھارت کو کچھ حاصل نہیں ہوا بلکہ بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف تحریک مزاحمت کو تقویت ملی ہے۔ انہوں نے کہاکہ حق خودارادیت کا جائز مطالبہ اب کشمیری عوام کی آواز بن چکا ہے۔

ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیاکہ وہ بھارت کی ریاستی دہشت گردی، قتل و غارت، گرفتاریوں اور لوگوں کے ساتھ توہین آمیز سلوک کا سخت نوٹس لیں اور مقبوضہ جموں و کشمیر میں جس کو بھارت نے میدان جنگ میں تبدیل کر دیاہے ، نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے فوری اقدامات کریں۔ترجمان نے کہا کہ تنازعہ کشمیر کو جسے نیوکلیئر فلیش پوائنٹ قرار دیا گیا ہے،حل کرنا انتہائی ناگزیر ہو گیا ہے کیونکہ یہ عالمی امن اور خوشحالی کے لیے سنگین خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے بھارت کے ناجائز قبضے سے آزادی کے مقدس مقصد کے لیے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اقوام متحدہ جیسے عالمی ادارے کو مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرنے چاہیے۔