بجلی فروخت میں 11فیصد کمی، نقصان عوام سے پورا کرنے کا منصوبہ قابل مذمت ہے,محمد جاوید قصوری


لاہور (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے بجلی کی فروخت میں 11فیصد کمی کا خسارہ بھی عوام سے پوراکی تیاری قابل مذمت ہے ۔عوام مہنگی بجلی سے تنگ آکر سولر ٹیکنالوجی پر منتقل ہو رہے ہیں جس کی وجہ سے ملک کے اندر نیشنل گریڈ سے بجلی کی طلب میں کمی ہوئی ہے ۔ چھوٹی بڑی صنعتیں سولر پر منتقل ہو چکی ہیں ، کئی دہائیوں سے عوام کا خون نچوڑنے والی آئی پی پیز کو ہونے والا نقصان بھی عوام کی جیبوں پر ڈالنے کی حکمت عملی حکومت کی بدترین پالیسی ہوگی ۔ کپیسٹی جارجز کے نام پر قوم کے ساتھ شرمناک کھیل کھیلا جا رہا ہے ۔ایسے معاہدے قوم کے ساتھ ظم کے مترادف ہیں فوری طور پر ختم کئے جائیں تاکہ عوام کو سکھ کا سانس میسر ہو سکے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا میں آنے والی خبروں پر اپنا ردعمل دیتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ رواں سال ملک بھر میں سولر ز کی ڈیمانڈ 35فیصد تک بڑھی گئی ہے ،آنے والے چند برسوں میں پورا ملک ہی سولرائزیشن پر ہو گا۔صرف تین سالوں میں بجلی کی قیمت میں155فیصد تک اضافہ ہوا ہے ۔ مہنگی بجلی کی وجہ سے گزشتہ مالی سال کے دوران چین سے 1.2ارب ڈالر پندرہ گیگا واٹ کے سولر پینل درآمد کئے گئے تھے، دن بدن اس کی طلب میں اضافہ ہوتا چلا جا رہا ہے۔ سردیوں کی آمد کے ساتھ ہی سولر پینل مزید سستے ہو گئے۔ 585 واٹ کاسولر 20 ہزار 500 روپے سے کم ہوکر 17 ہزار 100 روپے پر آگیا،180 واٹ سولر 6 ہزار سے کم ہوکر 5500 پر پہنچ گیا ہے۔

محمد جاوید قصوری نے اس حوالے سے مزید کہا کہ حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے میں بری طرح ناکام ہوچکی ہے ۔ بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی لوٹ مار نے عوام سے جینے کا حق بھی چھین لیا ہے ۔وقت کا تقاضا ہے کہ آئی پی پیز کے ساتھ کئے گئے ظالمانہ معاہدوں کو ملک و قوم کے مفاد میں ختم کرکے ایسے معاہدے کئے جائیں جو حقیقی معنوں میں عوام کے لئے آسودگی کا باعث ہوں