اسلام آباد(صباح نیوز )پاکستان اور ایشیائی ترقیاتی بینک نے موسمیاتی تبدیلیوں کے اقدامات اورآفات سے نمٹنے کیلئے فنانسنگ کے ضمن میں 50کروڑڈالرکے معاہدے پردستخط کردئیے۔معاہدہ کلائمیٹ اینڈ ڈیزاسٹر ریزیلینس اینہانسمنٹ پروگرام کے تحت کیا گیا ہے۔ معاہدے پر دستخطوں کی تقریب وزارتِ اقتصادی امور میں منعقد ہوئی، وفاقی وزیر اقتصادی امور احد خان چیمہ نے قبل ازیں اس معاہدے کی منظوری دی تھی۔سیکرٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اورپاکستان میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی کنٹری ڈائریکٹ ایما فان نے معاہدے پر دستخط کئے۔ اس موقع پر پاکستان اورایشیائی ترقیاتی بینک کے کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔وفاقی وزیر احد خان چیمہ نے کہا کہ معاہدے سے پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں کے اقدامات کو ترجیح دینے اور ڈیزاسٹر رسک فنانسنگ کو ایک مربوط حکمت عملی کے تحت بڑھانے کے عزم کی عکاسی ہورہی ہے۔
سیکریٹری اقتصادی امور ڈاکٹر کاظم نیاز اور اے ڈی بی کی کنٹری ڈائریکٹر ایما فان نے اس موقع پر کہا کہ معاہدے کامقصد پاکستان کی موسمیاتی تبدیلیوں سے مطابقت پیدا کرنے اور قدرتی آفات کے خطرات کو کم کرنے کی صلاحیت کو مضبوط بنانا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پروگرام کا بنیادی مقصد ادارہ جاتی فریم ورک کو بہتر بنانا ہے تاکہ ڈیزاسٹر رسک میپنگ، رسپانس کوآرڈینیشن، اور صنفی حساسیت پر مبنی سرکاری سرمایہ کاری میں بہتری لائی جا سکے۔یہ اقدامات پاکستان کی قدرتی آفات اور موسمیاتی اثرات کے حوالے سے کمزوریوں کو حل کرنے کے لیے ترتیب دیئے گئے ہیں۔ معاہدے کے تحت پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات سے نمٹنے کے لیے مالیاتی اور تکنیکی معاونت فراہم کی جائے گی، جس کے ذریعے خطرات کا موثر انداز میں تخمینہ لگایا جا سکے گا اور ان سے نمٹنے کے لیے مربوط اقدامات کئے جا سکیں گے۔