اسلام آباد(صباح نیوز )وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اور نگزیب نے ا یشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے پاکستان کو مالی و تکنیکی معاونت کی فراہمی کو خوش آئند قرار دیا ہے۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں ایشیائی ترقیاتی بینک کے وفد سے ملاقات میں کہی۔ وفد کی قیادت ایشیائی ترقیاتی بینک کے سینئر ڈائریکٹر طارق ایچ نیازی نے کی۔
اس موقع پرایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں مقیم کنٹری ڈائریکٹر اینافن اور ان کی ٹیم بھی موجود تھی۔ملاقات کے دوران طارق ایچ نیازی نے وزیر خزانہ کو ایشیائی ترقیاتی بینک کے عوامی شعبے کے انتظام اور اسلوب حکمرانی میں بہتری کیلئے اٹھائے جانیوالے اقدامات سے آگاہ کیا اور کہا کہ اقدامات کا مقصدکلی معیشت اور مالیاتی انتظام و انصرام کو بہتر بنانا ہے۔انہوں نے کہا کہ بینک ترقی پذیر رکن ممالک کو پالیسی اور ادارہ جاتی صلاحیتوں کو بہتر بنانے میں بھی معاونت فراہم کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایشیائی ترقیاتی بینک کے تحت پاکستان میں اقتصادی اصلاحات اور سماجی و اقتصادی ترقی کے منصوبے زیر غور ہیں۔ ان منصوبوں میں خاص طور پر پالیسی اور انتظامی اصلاحات، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن، عوامی و نجی شراکت داریوں، موسمیاتی تبدیلی، پالیسی پر مبنی ضمانتیں، مالی اور بجٹ کی معاونت، غربت کے خاتمے کے لیے امداد اور پنشن اصلاحات کے لیے تکنیکی معاونت شامل ہیں۔
وزیر خزانہ سینیٹر محمد اور نگزیب نے بینک کی جانب سے پاکستان کو فراہم کی جانے والی مالی و تکنیکی معاونت کی تعریف کی اور کہا کہ بینک کے تعاون کے شعبے پاکستان کی ترقی کی ضروریات سے ہم آہنگ ہیں۔ انہوں نے بینک کی جانب سے موسمیاتی لچک کو بہتر بنانے اور حکومت و پنشن اصلاحات کے ایجنڈے کو آگے بڑھانے میں معاونت کو خوش آئند قرار دیا۔