اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیاں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کو زیادہ دیرکھڑا نہیں رکھ سکتیں ۔حافظ نعیم الرحمن


راولپنڈی (صباح نیوز)مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کا چالیس سالہ دور حکومت ملک کی تاریخ کا سیاہ ترین دور ہے۔ملک کو معاشی اور اقتصادی طور پرناقابل تلافی نقصان پہنچایا گیا۔عوام اب بیدار ہیں۔فروری 2024 کے الیکشن میں عوام فیصلہ دے چکی ہے۔یہ حکومت فارم 47 اور اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیوں پر کھڑی ہے۔اسٹیبلشمنٹ کی بیساکھیاں مسلم لیگ اور پیپلز پارٹی کو زیادہ دیرکھڑا نہیں رکھ سکتیں، ارکان جماعت قوم کو بڑے احتجاج کے لئے تیار کریں۔

ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن نے واہ میں راولپنڈی ضلع کے اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس ایک روزہ اجتماع ارکان کے تین سیشن ہوئے۔ پہلے سیشن میں نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان ڈاکٹر مولانا عطا الرحمان نے درس قرآن دیا۔ ضلع بھر سے مرد اور خواتین ارکان نے شرکت کی۔

دوسرے سیشن میں امیر جماعت اسلامی پنجاب شمالی ڈاکٹر طارق سلیم اور امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے ارکان کے تحریری سوالات کے جوابات دیئے۔ضلعی جنرل سیکرٹری عثمان آکاش نے نہایت ہی خوبصورت انداز میں بر محل اور حسب موقع اشعار سے مرصع اور مزین نظامت کے فرائض ادا گئے۔ انہوں نے کلام اقبال اپنی خوبصورت آواز میں سنا کر شرکا سے خوب داد وصول کی۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان نے کہا کہ غیر اللہ کی حاکمیت میں اقامت دین کی جدوجہد  فرض عین ہو جاتی ہے۔اسلامی قوانین کو پس پشت ڈالنے کی وجہ سے ملک میں غربت وافلاس کی شرح بڑھ رہی ہے۔دونوں بڑی جماعتیں کرپٹ مافیاز کی آماجگاہ ہیں۔عوام تیار ہوجائیں۔چوروں اور لٹیروں سے جان چھڑانے کا وقت آگیا ہے۔انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی حکومت کے ونٹر پیکج کو پہلے ہی مسترد کرچکی ہے۔بجلی اور گیس کے ٹیرف میں واضح کمی ہونے تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے۔انھوں نے کہا کہ افغانستان اور پاکستان باہمی مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کریں۔سرحدی تناو کسی مسئلہ کا حل نہیں۔

انھوں نے کہا کہ فلسطین کے مسئلے پرحکومت دو ٹوک پالیسی اپنائے۔عالم اسلام فلسطین کے دو ریاستی حل کو کبھی تسلیم نہیں کرے گا۔قائد اعظم کا فرمان ہی پاکستان کا واضح موقف ہے۔اجتماع ارکان سے خطاب کرتے ہوئے امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب شمالی کے امیر ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ حکمران اپنی عیاشیوں کو کم کرنے کے بجائے عوام سے جینے کا حق چھین رہے ہیں۔مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی اب پاکستان کے لئے سیکیورٹی رسک بن چکے ہیں۔ملک کو مہنگائی اور بدامنی کے ذریعے جان بوجھ کر انارکی کی طرف دھکیلا جارہا ہے۔

مہنگی بجلی بھاری بھرکم ٹیکسز اوراشرافیہ کی عیاشیاں ملک کو سری لنکا بنا رہی ہیں۔ امیر جماعت اسلامی ضلع راولپنڈی سید عارف شیرازی نے کہا کہ ارکان جماعت ہی جماعت اسلامی کی پہچان ہیں۔جماعت کا ہر کارکن امانتدار، دیانتدار ہے۔جب اور جہاں عوام کی خدمت کا موقع ملا , بے لوث اور دیانتداری سے خدمت کی ہے۔  جماعت اسلامی اس ملک سے کرپشن لاقانونیت اور مافیاز کا خاتمہ کرے گی۔انھوں نے کہا کہ عوام میں بیداری واضح ہے۔ممبر سازی مہم میں عوام کی غیر معمولی دلچسپی اور شرکت اس کرپٹ سسٹم سے بیزاری کا اعلان ہے