سپریم کورٹ کاآئینی بینچ کل  وزیر اعظم کی جانب سے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کے خلاف درخواست پر سماعت کرے گا


اسلام آباد(صباح نیوز)سپریم کورٹ آف پاکستان کاآئینی بینچ کل  وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے آرمی چیف کی مدتِ ملازمت میں توسیع کرنے کے خلاف سید محمود اختر نقوی کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ درخواست میں وفاق پاکستان کوسیکرٹری برائے قانون وانصاف کے توسط سے فریق بنایا گیا ہے۔ درخواست گزار ذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔ جسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں جسٹس جمال خان مندوخیل ، جسٹس محمد علی مظہر،جسٹس عائشہ اے ملک، جسٹس سید حسن اظہر رضوی، جسٹس مسرت ہلالی اور جسٹس نعیم اخترافغان پرمشتمل7رکنی آئینی بینچ کیس کی سماعت کرے گا۔ جبکہ آئینی بینچ منگل کے روزہی انفرااسٹرکچر لیوی اور سیس کے نفاذ کے حوالہ سے ایم ایس چشمہ گھی ملز پرائیویٹ لمیٹڈ،ایم ایس تاج ویجیٹیبل آئل پروسیسنگ یونٹ پرائیویٹ لمیٹڈ، ایم ایس حفیظ اقبال آئل اینڈ گھی انڈسٹریز پرائیویٹ لمیٹڈ، انڈس موٹر کمپنی لمیٹڈ، کراچی، آئی سی آئی پاکستان لمیٹڈ، کراچی اوردیگر کی جانب سے سیکرٹری ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، حکومت خیبرپختونخوا، پشاور، چیف سیکرٹری حکومت خیبرپختونخوا، سیکرٹری ایکسائز اینڈٹیکسیشن ڈیپارٹمنٹ،حکومت سندھ ، کراچی،اوردیگر کے خلاف دائر ایک ہی قسم کی 662درخواستوںپر سماعت کرے گا۔ بینچ محمد پرویز شوکت کی جانب سے شعیب شیخ اوردیگر کے خلاف الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا کے رپورٹرزاورورکرز کوتنخواہیں کی ادائیگی نہ کرنے کے معاملہ پردائر توہین عدالت کی 2درخواستوں پر سماعت کرے گا۔

کیس میں شوکت پرویز، راجہ رضوان عباسی اور میر افضل بطوروکیل پیش ہونگے۔ آئینی بینچ سابق ڈائریکٹر بول نیوز نیٹ ورک اسلام آباد سمیع اللہ ابراہیم کی جانب سے2018میں آئین کے آرٹیکل 184/3کے تحت سی ڈی اے اسلام آباد اوردیگر کے خلاف دائر درخواست پر سماعت کرے گا۔ جبکہ بینچ خوشدل خان ملک کی جانب سے سپریم کورٹ ججز (لیو، پینشن اینڈپریویلجز)آرڈر1997کے آرٹیکلز 15اور16کوآئین کے آرٹیکلز205اور206کی خلاف ورزی قراردے کالعدم قراردینے کی استدعا پر سماعت کرے گا۔درخواست گزار کی جانب سے سیکرٹر وزارت قانون وانصاف کے توسط سے وفاق پاکستان اوردیگر کوفریق بنایا گیاہے۔ درخواست گزارذاتی حیثیت میں پیش ہوکردلائل دیں گے۔بینچ منگل کے روز کل 11کیسز کی سماعت گا۔