لاہور(صباح نیوز)پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے کہا ہے کہ چیمپئنز ٹرافی میں بھارتی کرکٹ ٹیم کی آمد کے حوالے سے آئی سی سی کے جواب کے منتظر ہیں،ملک کی عزت سب سے پہلے، چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں ہی ہوگی، کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں آنے کے لیے تیار ہیں، بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، ہم اس کے تحفظات دور کردیں گے۔
لاہور میں قذافی اسٹڈیم کے دورے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اسٹیڈیم میں تعمیراتی کام کی نگرانی کی جارہی ہے، اپنا ہدف حاصل کریں گے اور چیمپئنز ٹرافی پاکستان میں خیریت سے کرائیں گے۔، تمام انکلوژرز قائم رہیں گے، کوئی انکلوژر ختم نہیں کیا جا رہا ہے۔چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کرکٹ سے سیاست کو علحیدہ رکھنا چاہیے، سیاست کو کھیل میں نہیں لانا چاہیے۔ایک سوال کے جواب میں محسن نقوی نے کہا کہ ہم نے خط لکھا تھا، بالکل لکھا تھا، اس کے جواب کا انتظار ہے، ہمارا رابطہ صرف آی سی سی سے ہے اور ہمیں ان ہی سے جواب کا انتظار ہے۔بھارتی کرکٹ ٹیم کی پاکستان آمد سے متعلق ایک اور سوال کے جواب انہوں نے مزید کہا کہ دیکھیں، میں آج بھی یہ سمجھتا ہوں کہ ہر کھیل اور سیاست علیحدہ علیحدہ چیزیں ہیں، اس کو کسی بھی ملک کو بیچ میں نہیں لانا چاہیے اور میں ابھی بھی اچھے کی توقع رکھتا ہوں۔
محسن نقوی نے کہا کہ آئی سی سی کو اپنی ساکھ کے حوالے سے خود سوچنا پڑے گا، وہ دنیا بھر کی کرکٹ باڈیز کی ایک باڈی ہے، چیمپئنز ٹرافی ری شیڈول ضرور ہوئی ہے، ابھی ہمیں منسوخی کے حوالے سے کوئی اطلاع نہیں دی گئی۔ان کا کہنا تھا کہ کوالیفائی کرنے والی تمام ٹیمیں ملک میں آنے کے لیے تیار ہیں، کسی ٹیم کو کوئی مسئلہ نہیں ہے، میں آج بھی کہوں گا کہ بھارت کو اگر کوئی خدشہ ہے تو ہم سے بات کرے، ہم اس کے تحفظات دور کردیں گے، کیونکہ میرا نہیں خیال کہ کوئی ایسی وجہ ہے جس کی وجہ سے انڈین ٹیم نہ آسکے۔
ان کا کہنا تھا کہ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اچھے کی توقع ہے، آئی سی سی کو خط لکھا ہے، اب جواب کا انتظار ہے۔محسن نقوی نے کہا کہ قذافی اسٹیڈیم کا کام وقت پر مکمل ہوجائے گا، چیمپئنز ٹرافی تک عاقب جاوید سے عبوری ہیڈ کوچ کی ذمے داریاں سنبھالنے کی درخوست کی ہے، ہم نہیں چاہتے کہ جلدی میں کوئی اور کوچ لے آئیں اور پھر کوئی چیز ہو، اس سے بچنے کے لیے عاقب جاوید 3 مہینے کا خلا پورا کریں گے، اس کے بعد ان کے لیے ہم ایک دو اور چیزوں پر کام کر رہے ہیں؟محسن نقوی نے مزید کہا کہ وہاب ریاض مسلسل کام کر رہے ہیں کسی کو ہٹایا نہیں تھا اور محمد یوسف کو بھی کہیں جانے دے رہے، میں کرکٹرز کو اکٹھا کر رہا ہوں ، جانے کیسے دوں گا، عبدالرزاق بھی میرے لیے بہت اہم ہیں۔