لاہور(صباح نیوز)وفاقی وزیر اطلاعات، نشریات، قومی ورثہ و ثقافت عطااللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر بار بار الیکشن ٹربیونل سے تاریخیں مانگ کر الیکشن ٹربیونل کا وقت ضائع کر رہے ہیں، اگر ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں تو عدالت کو بتائیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے، پہلے کیس کرو پھر عدالت سے بھاگو، یہ ان کا وطیرہ بن چکا ہے۔
پی ٹی آئی کے ظہیر عباس کھوکھر کی جانب سے اپنے خلاف الیکشن ٹربیونل میں دی گئی درخواست میں تاریخ لینے پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آج میرے وکلاالیکشن ٹربیونل میں پیش ہوئے، ہمارے وکلاکی مکمل تیاری تھی اور تمام دستاویزات بھی موجود تھیں۔ انہوں نے کہا کہ مخالف پارٹی کے پاس کوئی شواہد یا ثبوت نہیں تھے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ظہیر عباس کھوکھر عدالت سے فرار چاہتے ہیں، اسی لیے عدالت سے سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی، اگر ان کے پاس شواہد موجود تھے تو ظہیر عباس کھوکھر نے تاریخ کیوں مانگی؟ ظہیر عباس نے میری کامیابی کو چیلنج کیا ہے تو اب سامنا کیوں نہیں کر پا رہے؟
انہوں نے کہا کہ بار بار تاریخیں مانگ کر یہ الیکشن ٹربیونل کا وقت ضائع کر رہے ہیں۔اگر ان کے پاس ثبوت نہیں ہیں تو عدالت کو بتائیں کہ ان سے غلطی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پہلے کیس کرو پھر عدالت سے بھاگو، یہ پی ٹی آئی کا وطیرہ بن چکا ہے۔