اسلام آباد (صباح نیوز)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہاہے کہ حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا، دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ۔ اسلام آباد میں کچہری کے باہر میڈیا سے گفتگو میں شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ کی مدد سے یاسر محمود کی عدالت سے بری ہوا ہوں، میں اپنے وکلا اور لوگوں کا مشکور ہوں جنہوں نے میرا کیس لڑا،
اب بس دہشت گردی کے 14 کیسز رہ گئے ہیں۔شیخ رشید نے کہا کہ ان حکمرانوں سے جو کام لینا تھا وہ لے لیا گیا ہے، اب یہ خود کہہ رہے ہیں انڈے اور ٹماٹر پڑتے ہیں، آپ دونوں پارٹیاں نفرت کا نشان ہیں ہر کوئی آپ سے نفرت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ میں یہاں تھا ہی نہیں جب واقع ہوا مگر دہشت گردی کے مقدمات بنا دیئے گئے، اب دہشت گردی کی عدالت میں 14 کیسز کی سماعت ہوگی۔ موچھ، لسبیلہ اور مری میں کیس ہوا جو جگہ میں نے دیکھی ہی نہیں۔ مجھے خفیہ طور پر کہا گیا آپ کا سامان واپس ہوگا مگر نہیں ہوا۔
شیخ رشید نے کہا کہ یہ نہ ہو کہ حالات قومی حکومت کی طرف چلے جائیں، جن لوگوں نے ان سے جتنا کام لینا تھا ہوگیا اب گولی اندر چوہا جالندھر۔ انہوں نے کہا کہ کسانوں کو پہلے ہی گندم کا ریٹ نہیں مل رہا یہ آئی ایم ایف کے شکنجے کی حکومت ہے۔ سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بھارت کرکٹ نہیں کھیلنا چاہتا تو نہ کھیلے، بھارت کشمیر میں کیا کر رہا ہے؟۔