وزیر اعظم محمد شہباز شریف تین روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے


باکو(صباح نیوز )وزیر اعظم محمد شہباز شریف اپنا تین روزہ دورہ آذربائیجان مکمل کرکے پاکستان روانہ ہوگئے۔آذربائیجان کے وزیر انصاف فرید احمدوف نے وزیر اعظم کو باکو ایئر پورٹ پر الوداع کیا۔

وزیر اعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے اپنے دورہ آذربائیجان کے دوران کاپ-29 کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس میں شرکت کی اور کانفرنس میں شریک عالمی رہنماؤں کو ماحولیاتی تبدیلی کے مضر اثرات کے خطرے سے دوچار پاکستان کی مشکلات سے آگاہ کیا۔وزیر اعظم نے تاریخی طور پر ماحولیاتی آلودگی کے ذمہ دار ممالک کی جانب سے ماحولیاتی عالمی معاشی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا۔

وزیر اعظم نے پاکستان کی جانب سے منعقدہ کلائمیٹ فنانس گول میز کانفرنس کی میزبانی کی اور ماحولیاتی تبدیلی کے حوالے سے عالمی معاشی وعدوں کی تکمیل پر زور دیا۔وزیر اعظم نے تاجکستان کی جانب سے گلیئشیرز کے تحفظ کے حوالے سے منعقدہ اعلی سطح تقریب میں شرکت کی اور گلیشیئرز و آبی وسائل کے تحفظ کیلئے پاکستان کے اقدامات پر روشنی ڈالی۔

وزیر اعظم کی اس موقع پر ڈنمارک، چیک ریپبلک کے وزرا اعظم اور آذربائیجان کے صدر سے دوطرفہ ملاقاتیں ہوئیں۔وزیر اعظم کی کاپ-29 کے کلائمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر برطانیہ کے وزیر اعظم، متحدہ عرب امارات، تاجکستان، ازبکستان، قازقستان، نیپال کے صدور سے غیر رسمی ملاقاتیں بھی ہوئیں۔