موسمیاتی تبدیلی حالیہ دورکے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے جس کے لیے اجتماعی عالمی اقدامات کی ضرورت ہے، وزیر اعظم شہباز شریف


باکو(صباح نیوز) وزیر اعظم میاں محمد شہباز شریف کی باکو میں عالمی رہنماں کے کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس کے موقع پر جمہوریہ چیک کے وزیر اعظم پیٹر فیالا (Petr Fiala) سے ملاقات ہوئی۔

ملاقات کے دوران وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا جو دوطرفہ اور کثیرالجہتی شعبوں پر محیط ہیں۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کے مواقع بالخصوص اقتصادی ترقی اور مشترکہ علاقائی اور عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے تعاون پر گفتگو کی۔ دونوں رہنمائوں نے پاکستان اور جمہوریہ چیک کی اقتصادی ترقی اور خوشحالی کے لیے تجارتی اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو وسعت دینے کی اہمیت پر زور دیا۔

 وزیر اعظم شہباز شریف نے پاکستان کے اسٹریٹجک محل وقوع اور وسطی ایشیا کے گیٹ وے کے طور پر استعداد پر بھی روشنی ڈالی، چیک کمپنیوں کو پاکستان میں توانائی، ٹیکنالوجی اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع سے مستفید ہونے کی دعوت دی۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے علاقائی اور عالمی امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں رہنمائوں نے علاقائی سلامتی اور پائیدار ترقی جیسے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مستقل کوششوں کی ضرورت پر اتفاق کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف نے اس بات پر زور دیا کہ موسمیاتی تبدیلی حالیہ دورکے اہم ترین مسائل میں سے ایک ہے جس کے لیے اجتماعی عالمی اقدامات کی ضرورت ہے۔ انہوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک میں سے ایک ہونے کے باوجود ماحولیاتی استحکام اور موسمیاتی اثرات سے بچائو کے اقدامات کے فروغ کے لیے پرعزم ہے۔ وزیر اعظم شہبازشریف نے اس بات پر زور دیا کہ ، موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے مئوثر طریقے سے نمٹنے، گرین انرجی کو فروغ دینے اور پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کیلئے جمہوریہ چیک سمیت بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ تعاون ضروری ہے۔