صحت کارڈ حکومت کا انقلابی قدم ہے،حسان خاور


لاہور(صباح نیوز)پنجاب حکومت کے ترجمان حسان خاور نے کہا ہے کہ صحت کارڈ حکومت کا انقلابی قدم ہے۔

لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپوزیشن نے سیاست کو ونڈو شاپنگ سمجھ لیا ہے، یہ لوگ ونڈو شاپنگ کرکے گھر جائیں گے، انہیں سیاست کرتے ہوئے پہلے عوام کا سوچنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ صحت کارڈ حکومت کا انقلابی قدم ہے، 4 سو ارب روپے کی رقم صحت کارڈ کے لیے دی ہے۔

انہوں نے کہا کہ لوگوں کو پہلے علاج کے لیے دشواری کا سامنا کرنا پڑتا تھا، پنجاب میں سات لاکھ 30 ہزار لوگ اپنی رجسٹریشن کراچکے ہیں، صوبے کے 593 ہسپتال صحت کارڈ سے منسلک ہوچکے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت کا صحت انشورنس پروگرام دنیا کا بہترین منصوبہ ہے، ملک میں کوالٹی ہیلتھ سروس عام شہریوں کی پہنچ سے باہر تھیں۔

انہوں نے کہا کہ آؤٹ ڈور سروسز پہلے کی طرح جاری ہیں، پنجاب میں ہسپتالوں کی تعداد میں اضافہ کیا جارہا ہے، اسلام آباد میں پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر او پی ڈی سروس شروع کررہے ہیں۔