ایبٹ آباد(صباح نیوز)بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن روبینہ خالد نے تحصیل لوئر تناول کیلئے شیروان میں بی آئی ایس پی دفتر اور نصرت بھٹو شہید روڈ کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر پیپلزپارٹی کے رہنمائوں سمیت لوگوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ اس موقع پر لوئر تناول کے علاقہ شیروان میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے روبینہ خالد نے کہا کہ خواتین کو ہر شعبہ میں نمائندگی ملنی چاہئے، ایبٹ آباد میں نچلی سطح تک خواتین کی تنظیم سازی پر ہم ضلعی سطح کو سلیم شاہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں، انتخابات میں خواتین کی عدم شرکت کے باعث ایبٹ آباد میں ہمیں گذشتہ انتخابات میں نقصان پہنچا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی حکومت نے خواتین کو ہر دور میں برابری کے حقوق دیکر انہیں معاشرہ میں برابر کا شہری بنایا ہے، پیپلزپارٹی کی اولین ترجیح ہمیشہ غریب عوام رہی ہے، یہی لوگ ہمیں منتخب کر کے ایوانوں میں بھیجتے ہیں، پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری ہمیشہ کہتے ہیں کہ پیپلزپارٹی غریب عوام کی پارٹی ہے، ان غریب عوام کی زندگیوں میں تبدیلیاں لانا ہمارا اولین مقصد ہے۔چیئرپرسن بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام روبینہ خالد نے کہا کہ سید سلیم شاہ ایبٹ آباد اور تناول کے حقیقی خادم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ضلعی رہنما سید سلیم شاہ اپنی مدد آپ کے تحت لوئر تناول میں لوگوں کی سہولت کیلئے سڑکیں تعمیر کروا رہے ہیں،پیپلزپارٹی عوام کی پارٹی نے اور ہمیشہ اس ملک کی غریب عوام کا سوچتی ہے، ملک میں پچاس فیصد سے زائد خواتین ہیں، جب تک ہم اپنی خواتین کو مضبوط نہیں کریں گے ہم ترقی کا خواب کبھی بھی پورا نہیں کر سکتے۔ قبل ازیں پیپلزپارٹی تناول کے قائدین نے روبینہ خالد کی آمد پر ان کا بھرپور استقبال کیا۔