پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے، وزیر اعظم شہبازشریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر ِ اعظم میاں محمد شہباز شریف کی اسلام آباد میں چینی سفارتخانے آمد۔وزیر اعظم شہبازشریف نے چین کے پاکستان میں سفیر جیانگ زائیڈونگ سے ملاقات کی۔ وزیر ِاعظم کی گزشتہ روز کراچی میں چینی شہریوں پر فائرنگ کے واقعہ کی مذمت۔ وزیر اعظم کاچینی سفیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہنا تھا کہ میں چینی شہریوں پر اس حملے کی مذمت کرنے اور زخمیوں کی بیمار پرسی کیلئے آپ سے ملنے آیا ہوں۔وزیر اعظم کی چینی سفیر کو ذمہ داران کو جلد گرفت میں لے کر انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کی یقین دہانی۔ وزیر اعظم کاکہناتھا کہ واقعہ میں ملوث افراد کو گرفت میں لینے اور انہیں قرار واقعی سزا دلوانے کے عمل کی بذات خود نگرانی کر رہا ہوں، واقعہ میں زخمی چینی شہریوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایات دے چکے۔

وزیر اعظم شہبازشریف کاکہناتھا کہ قابلِ اطمینان بات ہے کہ واقعے میں زخمی ہونے والے چینی شہریوں کی صحت بہتر ہو رہی ہے۔ ان کاکہناتھا کہ چین پاکستان کا دیرینہ دوست ہے، چینی شہریوں پر حملہ پاک چین برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی مزموم کوشش ہے، پاکستان میں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سیکیورٹی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔چینی سفیر نے وزیر ِاعظم کی سفارتخانے آمد پر شکریہ ادا کیا اور امید کا اظہار کیا کہ وزیر ِاعظم واقعہ کے ذمہ داران کو جلد کیفر کردار تک پہنچانے میں اپنا کردار ادا کریں گے۔نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وزیرِداخلہ سید محسن رضا نقوی اور معاون خصوصی سید طارق فاطمی بھی وزیرِاعظم کے ہمراہ تھے۔