عمران خان نے جوڈیشل کمیشن کی رکنیت کیلئے عمرایوب اور شبلی فراز کو نامزد کردیا

اسلام آباد(صباح نیوز)نیشنل جوڈیشل کمیشن کی رکنیت کیلئے بانی پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی )نے اپوزیشن لیڈر عمرایوب اور شبلی فراز کے ناموں کی منظوری دے دی ہے جبکہ ایوان بالا میں اپوزیشن لیڈر شبلی فراز نے نامزدگی کی تصدیق بھی کردی ہے ۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 26 ویں آئینی ترمیم کے تحت جوڈیشل کمیشن کی تشکیل نو کیلئے نام مانگے تھے جس پر پی ٹی آئی نے قومی اسمبلی سے اپوزیشن لیڈر عمر ایوب اور سینیٹ سے اپوزیشن لیڈر شبلی فراز کو نامزد کیا ہے ۔13 رکنی جوڈیشل کمیشن میں 2 حکومتی اور 2 اپوزیشن ارکان  شامل ہوں گے ۔

تحریک انصاف آئندہ 24 گھنٹے میں دونوں نام چیئرمین سینیٹ یوسف رضا گیلانی اور اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کو ارسال کرے گی ۔واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ ایوان بالا سے اور اسپیکر قومی اسمبلی ایوان زیریں سے اراکین کے نام وزیر اعظم کو دیں گے۔