چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی کی آذربائیجان کی سیاسی و عسکری قیادت سے ملاقاتیں

باکو(صباح نیوز)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے آذربائیجان کی سیاسی  و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کی ہیں۔  پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر)کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے دورہ آذربائیجان کے دوران آذربائیجان کے صدر الہام علیوف،وزیردفاع  حسنوف ذاکراصغر،وزیرخارجہ جیہون عزیز اوگلوبیراموف ،آذربائیجان کے چیف آف جنرل سٹاف کریم اوگلو ویلیوف ودیگر سے ملاقاتیں کیں ۔ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان گہرے اور تاریخی تعلقات مضبوط کرنے پر بات چیت کی گئی۔

اس ملاقات میں خطے کی سکیورٹی اور متعدد شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امور پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقاتوں میں پاکستان اور آذربائیجان کے درمیان فوجی تعاون بڑھانے کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا، ملاقاتوں میں امن و استحکام کے لیے اجتماعی عزم کا اعادہ کیا گیا۔آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور قربانیوں کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آذربائیجان کی قیادت نے پاکستان کے ساتھ گہرے تعلقات استوار کرنے کے لیے تعاون کو وسعت دینے کا عزم کیا۔