اسلام آباد(صبا ح نیوز)وزیراعظم محمدشہبازشریف نے ملک کو پولیوسے پاک کرنے کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کرنے والے ہیلتھ ورکرز کوحقیقی ہیروز قراردیتے ہوئے کہاہے کہ ملک کوپولیو کے مرض سے پاک کرنے کیلئے ہمیں متحدہوکرنئے سرے سے کوششوں کو یقینی بناناہوگا، پولیوفری پاکستان کے ضمن میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے غیرمتزلزل اورآہنی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے انسدادپولیو کے عالمی دن کے موقع پرمنعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، وزیراعظم نے بچوں کوپولیوکے قطرے پلاتے ہوئے 28اکتوبرسے انسدادپولیو کی قومی مہم کا باضابطہ آغازبھی کیا۔
وزیراعظم نے کہاکہ آج ہم انسدادپولیوکاعالمی دن اس تلخ حقیقت کے ساتھ منارہے ہیں کہ ملک میں ایک بارپھرپولیووائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں،ہم سب اس بارے آگاہی کیلئے یہاں جمع ہوئے ہیں، اس لعنت اورصحت کے عالمگیرچیلنج کے خاتمہ کیلئے ہمیں ایک بارپھر اپنی کوششوں اورٹیم ورک کے ساتھ مل کر اس جنگ میں کامیابی تک مل کر کام کرنا ہوگا، ہم نے ماضی میں بھی اس اس حوالہ سے کام کیاتھا اورمستقبل میں بھی کریں گے۔ہمیں اس راہ میں درپیش چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے غیرمتزلزل اورآہنی عزم کے ساتھ کام کرنا ہوگا تاکہ ملک کو بہت جلد پولیو کے مرض سے پاک کیا جاسکے۔وزیراعظم نے کہاکہ آج کادن ہمیں تاریخ میں ان لاکھوں بچوں کی یاددہانی بھی کرارہاہے جو پولیو کے مرض کے شکارہوئے اوربعدمیں اپنے خاندانوں پربوجھ بن گئے، یہ دن ہمیں اس مرض کے خاتمہ کیلئے اپنی کوششوں کودوبارہ مجتمع ہونے اورمل کرکام کرنے کی بھی یاددہانی کرارہاہے ۔
وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے خاتمہ کیلئے تعاون فراہم کرنے پر بین الاقوامی اداروں بالخصوص عالمی ادارہ صحت، یونیسیف اوربل اینڈمیلنڈاگیٹس فاونڈیشن کاشکریہ اداکیا اورکہاکہ ہم پاکستان کوپولیوسے پاک کرنے میں پرعزم ہیں۔انہوں نے کہاکہ پوری قوم پولیو کے خلاف جنگ میں جانیں قربان کرنے والے حقیقی ہیروز کو سراہتی ہے، ان ہیروزنے انتہائی مشکل حالات میں اپنی جانوں کوہتھیلی پررکھ کر پولیو کے خاتمہ کیلئے اپناکرداراداکیا۔یہ وہ لوگ ہیں جنہوں نے اپنے بچوں کوتویتیم کرلیا مگر ہمارے بچوں کوپولیو سے بچانے کیلئے تاریخ میں اپنانام سنہرے حروف سے رقم کرگئے۔ پولیو ورکرز قوم کے مجاہدہیروزہیں اورپوری قوم انہیں یادرکھے گی۔ وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمی سے پولیو کے 40کیسز سامنے آئے ہیں، ہم اس وقت تک چین سے نہیں بیٹھیں گے جب تک یہ وائرس پاکستان کی سرحدوں سے چلا نہیں جاتا، یہ ایک چیلنج ہے اورہم نے اسے قبول کرلیاہے، پولیوورکرز اس کا ہراول دستہ ہے۔
وزیراعظم نے کہاکہ بل گیٹس سے ملاقات میں انہوں نے پاکستان کیلئے تمام وسائل مہیاکرنے کاعزم کیا، سعودی عرب نے بھی کئی سوملین ڈالرکا اعلان کیاہے جس پرہم سعودی ولی عہد محمدبن سلمان کاشکریہ اداکرتے ہیں۔وزیراعظم نے کہاکہ بدقسمتی سے پولیووائرس پاکستان اورہمسایہ ملک افغانستان میں ہے، یہ ہمارے لئے لمحہ فکریہ اورچیلنج بھی ہے، میں سمجھتاہوں کہ پولیوکومکمل شکست دینے کیلئے ہمیں عرق ریزی اورمحنت سے کام کرنا ہوگا۔قبل ازیں وزیراعظم کی فوکل پرسن عائشہ رضافاروق نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ پولیوکا مقابلہ کرنے کیلئے مربوط حکمت عملی وضع کی گئی ہے، وزیراعظم کی ہدایت پرہم نے اس دن کوان ورکروں کے نام سے منسوب کردیا ہے جنہوں نے پولیو کے خاتمہ کی مہم میں اپنی جانوں کے نذرانے پیش کئے ہیں، ہم ان کارکنوں کی قربانیوں کوخراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ ستمبرمیں زیلی مہم کے دوران 33ملین بچوں کوقطرے پلائے گئے، 28اکتوبر سے نئی مہم میں 45ملین بچوں کوپولیوکے قطرے پلائے جائیں گے اس مہم میں 4لاکھ پولیوورکرز حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہاکہ پولیو کومکمل طورپرختم کرنے کیلئے ہم سب کواپنی اجتماعی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہییں۔ انہوں نے پولیوکے خاتمہ کیلئے وزیراعظم کے وژن اورعزم اورمعاون اداروں کوسراہا۔وزیراعظم کے رابطہ کارڈاکٹرمختاربھرتھ نے کہاکہ آج کادن پاکستان کیلئے اہمیت کاحامل ہے،پہلی مرتبہ وزیراعظم اس نوعیت کی مہم میں خودشامل ہیں، وزیراعظم کوپولیو کے خاتمہ میں خصوصی دلچسپی ہے اورہرمثبت کیس کے بارے میں انہیں معلومات فراہم کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم نے سات ماہ کی مدت میں انسدادپولیومہم کی خود نگرانی کی ہے، اب تک تین میٹنگز انہوں نے خودکی ہیں۔انہوں نے کہاکہ ہم اپنے بین الاقوامی معاون اداروں کابھی شکریہ اداکرتے ہیں جنہوں نے ہم پراعتمادکا اظہارکیاہے۔انہوں نے کہاکہ پولیو کے چالیس کیسز آئے ہیں لیکن ہمیں یقین ہے کہ ہم ایک ایک دروازے تک جائیں گے اورکوشش ہوگی کہ ہربچے کوپولیو کے قطرے پلائے جائے۔قبل ازیں وزیراعظم نے انسدادپولیومہم کے دوران اپنی جانوں کے نذرانے پیش کرنے والے کارکنوں ،ہیروزاور کے اہل خانہ اورنمایاں کارگردگی کامظاہرہ کرنے والے پولیوورکرز کوشیلڈز بھی پیش کیں۔۔