اسلا م آباد(صباح نیوز) 26ویں آئینی ترامیم کے لیے قائم پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی نے 26نکات پر مشتمل مسودے کی منظوری دے دی،جسے کل ہفتہ کو کابینہ اجلاس میں پیش کیا جائے گا، پارلیمنٹ کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس خورشیدشاہ کے زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس میں ڈپٹی وزیر اعظم اسحاق ڈار، وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، پی ٹی آئی کے رکن عامر ڈوگر، جے یو آئی ایف کی رکن شاہدہ اختر علی، ن لیگ سے عرفان صدیقی، ایم کیو ایم سے امین الحق، پی پی سے راجہ پرویز اشرف اور شیری رحمان، رانا تنویر، سینیٹر انوشہ رحمان، چوہدری سالک حسین، اعجاز الحق، خالد حسین مگسی اور دیگر نے شرکت کی۔
پیپلزپارٹی کے رہنما اور خصوصی کمیٹی کے سربراہ خورشید شاہ نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی میں آئینی ترمیم کا مسودہ متفقہ طور پر منظور کرلیا گیا ہے، خصوصی کمیٹی نے 26نکات پر مشتمل مسودہ منظور کیا ہے۔خورشید شاہ کی زیر صدارت پارلیمانی خصوصی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں تمام پارلیمانی پارٹیز کی نمائندگی تھی، جس کے بعد اجلاس میں آئینی ترامیم کے مسودہ کی منظوری دی گئی۔اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کے دوران خصوصی کمیٹی کے سربراہ ،رہنما پیپلز پارٹی خورشید شاہ نے کہا کہ اتفاق رائے سے مسودے کی منظوری دی گئی ہے، مسودہ وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد ایوان میں پیش کیا جائے گا۔ کمیٹی نے متفقہ طور پر منظور مسودے کو آج ہفتہ کو وفاقی کابینہ میں پیش کرنے کی سفارش کی ہے۔
انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کے فیصلے سے متعلق مجھے علم نہیں، تاہم سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کی تجویز پر اتفاق کرلیا گیا ہے۔دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سینیٹر عرفان صدیقی نے بھی آئینی ترمیم کے مسودے پر اتفاق رائے کی تصدیق کی۔رہنما ایم کیو ایم فاروق ستار نے کہا کہ آج تمام جماعتوں نے مسودے پر اتفاق کیا، آج جو ڈرافٹ فائنل ہوا یہی حتمی ہے۔ سمندر پار پاکستانیوں کو الیکشن لڑنے کا حق دینے کی تجویز ہماری ہے، ہماری تجویز پر بیشتر ارکان نے اتفاق کیا ہے۔
فاروق ستار نے کہا کہ مزید خصوصی کمیٹی کا کوئی اجلاس نہیں ہوگا، تقریبا مسودہ پر اتفاق رائے ہوگیا ہے، تحریک انصاف نکات پر مخالفت نہیں کررہی ہے، پی ٹی آئی سیاسی بنیادوں پر اپنی پالیسی کے مطابق مخالفت کررہی ہے، جب تک قومی اسمبلی و سینیٹ میں مسودہ پیش نہیں ہوتا کوئی مسودہ حتمی نہیں ہوگا۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما عامر ڈوگر نے کہا کہ تحریک انصاف نے کسی مسودے کی منظوری نہیں دی، ان کی اس وقت مولانا فضل الرحمان سے بات چیت چل رہی ہے، حکومت نے اپنے طور پر ہی مسودہ منظور کر لیا ہے، ہماری ابھی ملاقات جاری ہے اس کے بعد حتمی فیصلہ کریں گے