لاہور(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری، پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن، مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف سے ملاقات کے لیے ان کی رہائش گاہ جاتی امرا پہنچ گئے جہاں رہنماؤں کے درمیان مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم پر مشاوت ہوئی ہے۔
صدر آصف علی زرداری اور بلاول بھٹو پیپلز پارٹی کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے جہاں وہ نواز شریف کی طرف سے دیے جانے والے گئے عشائیہ میں شریک ہوئے،پیپلز پارٹی کے وفد میں گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر، سید نوید قمر، میئر کراچی مرتضی وہاب اور رکن سندھ اسمبلی جمیل سومرو شامل ہیں۔قبل ازیں عشائیے میں شرکت کے لیے سربراہ جمعیت علمائے اسلام (ف) مولانا فضل الرحمن وفد کے ہمراہ جاتی امرا پہنچے۔جاتی امرا آمد پر نواز شریف، وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر اعلی پنجاب مریم نواز نے ان کا استقبال کیا۔
پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کا جاتی عمرہ میں مختلف سیاسی قائدین کے اعزاز میں عشائیہ کا اہتمام کیا گیا۔پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات مریم اورنگزیب کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان جاتی عمرہ پہنچے تومحمد نواز شریف نے وزیراعظم شہباز شریف کے ہمراہ مولانا فضل الرحمان کا استقبال کیا۔
نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی استقبال کرنے والوں میں شامل تھے۔مولانا فضل الرحمان کے ہمراہ سینیٹر کامران مرتضی بھی تھے۔مجوزہ 26ویں آئینی ترمیم پر مشاورت کے لیے مسلم لیگ(ن)، پیپلز پارٹی، جے یو آئی (ف) کا جاتی امرا میں مشاورتی اجلاس ہوا ہے، اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ، وزیر اعلی پنجاب مریم نواز اور اٹارنی جنرل منصور عثمان بھی اجلاس میں شریک ہوئے،
ذرائع کا کہنا ہے کہ آئینی ترمیم کے معاملے پر مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے مولانا فضل الرحمن کو اعتماد میں لیا، جب کہ سربراہ جے یو آئی نے اپنی جماعت کی جانب سے تیار آئینی مسودے سے آگاہ کیا۔اجلاس میں تینوں جماعتوں کے مشترکہ مسودے پر اتفاق رائے کا امکان ہے، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی(ف) کے درمیان آئینی مسودے پر پہلے سے اتفاق رائے ہو چکا ہے، 26ویں آئینی ترمیم کے مشترکہ مسودے کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں پیش کیا جائیگا۔واضح رہے کہ وفاقی کابینہ کا اجلاس جمعرا ت کو طلب کر لیا گیا جس میں26 ویں ائینی ترمیم کی منظوری دی جائے گی،