ایس سی او کانفرنس کی صدارت ایک اعزاز ہے، ہم مل کر روشن مستقبل تعمیر کرسکتے ہیں، وزیراعظم شہباز شریف

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم میاں محمد شہباز شریف نے اسلام آباد میں ہونے والے 23ویں شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کی صدارت کو ایک اعزاز قرار دیتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ ہم سب مل کر ایس سی او خطے اور اس سے باہر کے افراد کے لیے ایک روشن مستقبل تعمیر سکتے ہیں۔ایکس پر اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کے قومی بیان میں اس بات پر زور دیا کہ ایس سی او پائیدار ترقی، علاقائی روابط اور اقتصادی انضمام کو بڑھانے، موسمیاتی عمل کو مضبوط بنانے اور غربت کے خاتمے کے لیے تعمیری کردار ادا کرسکتا ہے۔

ٹوئٹ میں کہا گیا کہ بین الاقوامی قانون کے منافی یکطرفہ زبردستی اقدامات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے باہمی تعاون اور بین الاقوامی مالیاتی نظام میں اصلاحات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مجھے یقین ہے کہ ہم مل کر اسی سی او خطے اور اس سے باہر بسنے والے افراد کے لیے ایک روشن مستقبل کی تعمیر کرسکتے ہیں۔واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی 23ویں سربراہی کانفرنس کی میزبانی پاکستان نے کی۔