شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی

اسلام آباد(صباح نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) اجلاس میں شریک سربراہان حکومت نے مشترکہ اعلامیہ پر دستخط کردیے ہیں اور تنظیم کی سربراہی روس کے سپرد کردی گئی ہے۔اسلام آباد کے کنونشن سینٹر میں منعقد کیے گئے ایس سی او اجلاس میں رکن ممالک کے سربراہان اور نمائندوں نے اجلاس کے مشترکہ اعلامیے پر دستخط کردیے ہیں۔اس موقع پر ایس سی او کی سربراہی روس کے حوالے بھی کی گئی۔

روس اب 2025 تک ایس سی او کی سربراہی سنبھالے گا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے روس کو تنظیم کی صدارت ملنے پر مبارکباد پیش کی ہے۔اجلاس میں رکن ملکوں کے رہنماؤں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے بجٹ سے متعلق امور کی منظوری بھی دی ہے۔ رکن ملکوں کے درمیان 8 دستاویزات پر دستخط کیے گئے ہیں۔ ایس سی او کے رکن ممالک نے نئے اقتصادی ڈائیلاگ پر اتفاق کیا اور حوالے سے دستاویز پر دستخط بھی کیے۔