بلاول سے فضل الرحمان کی ملاقات، سیاسی صورتحال و آئینی ترمیم پر مشاورت

اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سے جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ملاقات کی ،بلاول اور مولانا فضل الرحمان کی ملاقات کراچی میں بلاول ہاوس میں ہوئی جس میں دونوں جماعتوں کے رہنما بھی شریک تھے۔ملاقات میں ملکی سیاسی امور پر تبادلہ خیال اور مجوزہ 26 ویں آئینی ترمیم سے متعلق بات چیت کی گئی۔

ترجمان نے بتایاکہ بلاول بھٹو اور فضل الرحمان نے اتفاق کیاکہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اجلاس خوش آئند ہے اور ایس سی او خطے کے استحکام میں معاون ہوگا،پاکستان پیپلزپارٹی کے وفد میں پی پی پی شعبہ خواتین کی مرکزی صدر فریال تالپور، پی پی پی سندھ کے صدر نثار کھوڑو ، وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ ، شازیہ مری، سید نوید قمر اور مرتضی وہاب بھی شامل  تھے، جمعیت علمائے اسلام کے وفد میں مولانا اسعد محمود، مولانا ضیاالرحمان، راشد محمود سومرو ، ناصر محمود سومرو، کامران مرتضی، مفتی ابرار، مولانا اسجد محمود، مولانا عبیدالرحمان اور عثمان بادینی بھی شامل تھے