اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے شنگھائی تعاون تنظیم کے23 ویں سربراہی اجلاس میں شرکت کرنے والے مندوبین کے اعزاز میں عشائیہ دیا۔وزیراعظم نے عشائیے میں شرکت کے لیے آنے والے تمام سربراہان مملکت اور دیگر مہمانوں کا استقبال کیا۔
اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ہاتھ ملایا اور دونوں کے درمیان خوشگوار موڈ میں جملوں کا تبادلہ ہوا۔عشائیے میں روس، تاجکستان، کرغیزستان، قازقستان، بیلاروس کے وزرائے اعظم، ترکمانستان کے ڈپٹی چیئرمین کابینہ اور بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سمیت دیگر غیر ملکی مہمانوں نے شرکت کی۔اس موقع پر بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر نے بھی وزیراعظم شہباز شریف سے ہاتھ ملایا، اس دوران دونوں کے درمیان خوشگوار موڈ میں جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔عشائیے میں شریک تمام ممبر ممالک کے سربرہان اورمندوبین کا وزیراعظم شہباز شریف نے خود استقبال کیا، تمام ممبرممالک کے مندوب نے وزیراعظم سے باری باری مصافحہ کیا۔ایس سی او کا 23 واں سربراہی اجلاس پاکستان کی میزبانی میں اسلام آباد میں ہورہا ہے، جس میں پاکستان سمیت 8 ممالک کے وزرائے اعظم اور دیگر اعلی شخصیات شریک ہیں۔ جاری ہونے والے شیڈول کے مطابق بدھ کی صبح تنظیم کے رکن ممالک کے سربراہان و نمائندے اجلاس میں شرکت کے لیے جناح کنونشن سینٹر(جے سی سی) پہنچیں گے جہاں ان کا استقبال وزیرِ اعظم کریں گے، اس کے بعد گروپ فوٹو کا سیشن ہو گا۔
اجلاس کی کارروائی کا آغاز شہباز شریف اپنے افتتاحی کلمات سے کریں گے، دو طرفہ ملاقاتوں کے دوران دستاویزات پر دستخط کیے جائیں گے۔ایس سی او اجلاس میں معیشت، تجارت، ماحولیات اور سماجی و ثقافتی روابط کے شعبوں میں جاری تعاون پر تبادلہ خیال کیا جائے گا اور تنظیم کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا جائے گا، تنظیم کے رکن ممالک باہمی تعاون کو مزید بڑھانے اور تنظیم کے بجٹ کی منظوری کے لیے اہم تنظیمی فیصلے کریں گے۔اجلاس میں شریک رہنماوں کی جانب سے مختلف دستاویزات پر دستخط کے بعد وزیراعظم اپنے اختتامی کلمات پیش کریں گے۔ اس کے بعد، نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار ایس سی او کے سیکرٹری جنرل ژانگ منگ کے ساتھ دو روزہ سربراہی اجلاس کی جھلکیوں اور نتائج پر بات کرنے کے لیے میڈیا بیانات دیں گے۔بدھ کو وزیراعظم شہباز شریف شرکت کرنے والے رہنماوں کے لیے سرکاری ظہرانہ بھی دیں گے۔خیال رہے کہ اجلاس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں اور اسلام آباد کو مہمانوں کے استقبال کیلئے خصوصی طور پر سجا دیا گیا ہے۔دوسری جانب شنگھائی تعاون تنظیم کے اجلاس کے لیے اسلام آباد میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کر لیے گئے۔ ٹریفک پولیس کے مطابق ریڈ زون آنے والے تمام راستوں کو بند کر دیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے ٹریفک پلان بھی جاری کردیا ہے۔