سری نگر:جموں و کشمیر میں انٹرنیشنل فورم فار جسٹس اینڈ ہیومن رائٹس کے چیئرمین محمد احسن اونتو کوسرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا ۔احسن اونتو کو جنوری کے دوسرے ہفتے میں پولیس اسٹیشن طلب کر کے انہیں جھوٹے اور بے بنیاد الزامات میں گرفتار کرلیاتھا اور اب انہیں سرینگر سینٹرل جیل منتقل کردیاگیا ہے ۔
پولیس نے انہیں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی طرف سے بڑے پیمانے پر جاری انسانی حقو ق کی سنگین پامالیوں کے خلاف آواز بلند کرنے پر گرفتار کیا ہے ۔ پولیس کے مطابق محمد احسن اونتو کو اس وقت گرفتار کیا گیا جب لندن اور سعودی عرب میں مقیم کشمیری رہنماوں مزمل ایوب ٹھاکر اور ڈاکٹر آصف ڈار کے خلاف سری نگر میں مقدمات درج کیے گئے ۔بھارتی اخبار انڈین ایکسپریس کے مطابق مقبوضہ کشمیر پولیس کے ترجمان نے الزام لگایا ہے کہ مزمل ایوب ٹھاکر اور ڈاکٹر آصف ڈار کے ساتھ ساتھ محمد احسن اونتو بھی ٹویٹر پر ریڈیو مزاحمتی کشمیر کے عنوان سے پروگرام میں شریک ہوتے تھے ۔
پولیس نے محمد احسن اونتو کو سوشل میڈیا پر بھارت کے خلاف مہم چلانے اوربھارت کے خلاف نفرت پھیلانے پر گرفتار کیا گیا۔ احسن اونتو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے ۔یاد رہے محمد احسن اونتو ولد مرحوم غلام حسن اونتو ساکن دیور لولاب کپواڑہ کے رہنے والے ہیں۔