سعودی وزیر سرمایہ کاری کی قیادت میں وفد کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات

 اسلام آباد (صباح نیوز)   سعودی عرب کے سرکاری اور کاروباری وفد نے سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کی قیادت میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات کی ہے ۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر )کی جانب سے جاری بیان کے مطابق راولپنڈی میں آرمی چیف جنرل عاصم منیر اور سعودی وفد کی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور خاص طور پر مختلف شعبوں میں بڑھتے ہوئے برادرانہ دوطرفہ تعاون کو مضبوط کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آ

رمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کو مکمل حمایت فراہم کرے گا اور اس تعاون کے روشن نتائج کے لئے پرامید ہیں جو دونوں ممالک کے لئے فائدہ مند ثابت ہوں گے۔آرمی چیف نے پاکستان کے لیے خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی غیر متزلزل حمایت پر تعریف اور شکر گزاری کا اظہار کیا۔پاکستان کا دورہ کرنے والے سعودی عرب کے بڑے کاروباری وفد کی آمد دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ اور برادرانہ تعلقات کی مظہر ہے۔ ملاقات میں  اس بات پر زور دیا کہ پاکستانی عوام سعودی عرب کے لئے گہری عزت اور محبت رکھتے ہیں۔