شنگھائی تعاون تنظیم کا اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس ایک بہت بڑی کامیابی ہے،ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان

اسلام آباد(صباح نیوز)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کا اسلام آباد میں ہونے والا اجلاس ایک بہت بڑی کامیابی ہے، یہ کامیابی وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ڈپٹی وزیراعظم سینیٹر اسحاق ڈار کی انتھک محنت اور کاوش کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے ہائوسنگ اینڈ ورکس کے چیئرمین سینیٹر ناصر بٹ ، قائمہ کمیٹی برائے نیشنل ہیلتھ سروسز اینڈ ریگولیشن کے چیئرمین سینیٹر عامر ولی الدین چشتی، صوبائی وزیر خوراک نور محمد دومڑ، احسان اللہ کاکڑ اور دیگر راولپنڈی و کراچی کے کاروباری حضرات سے پارلیمنٹ ہائوس میں ملاقات کے دوران کیا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ شنگھائی تعاون تنظیم کی کانفرنس کا انعقاد ایک بہت بڑی کامیابی ہے، یہ حکومت کی کارکردگی اور بہتر سفارت کاری کا نتیجہ ہے کہ اقوام عالم پاکستان پر اعتماد کا اظہار کر رہے ہیں، اس کانفرنس کے انعقاد سے نہ صرف ملک میں تجارت و کاروبار کا فروغ اور بین الاقوامی سرمایہ کاری میں اضافے کا رجحان پیدا ہوگا بلکہ ملک کی بہتری اور خوشحالی کے لیے بھی راہیں ہموار ہوں گی۔ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس خطے کی معاشی ،اقتصادی اور سکیورٹی صورتحال کے حوالے سے تفصیلی جائزہ بھی لے گی اور اس میں شرکت کرنے والے ممالک کا نہ صرف پاکستان پر اعتماد بڑھے گا بلکہ تجارت و دیگر شعبوں میں تعاون کو بھی موثر فروغ ملے گا ۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ آل پارٹی کانفرنس کا انعقاد بھی پاکستان کی ایک بہت بڑی کامیابی ہے جس میں اسرائیلی ظلم و بربریت اور انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں کے خاتمے کے لیے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ اسرائیلی دہشت گردی جو لبنان، ایران، فلسطین اور دیگر ممالک میں پھیل رہی ہے، کے تدارک کے لیے امت مسلمہ اکٹھی ہو جائے اور ایسا لائحہ عمل اختیار کرے جس کی وجہ سے اسرائیلی دہشت گردی اور ظلم و بربریت کا مکمل طور پر خاتمہ کیا جا سکے۔ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے یہ بھی کہا کہ اسرائیل کے ظلم و بربریت کے خلاف سب جماعتوں کا مل کر مشترکہ لائحہ عمل اختیار کرنا اسرائیلی ظلم و زیادتی کا شکار ہونے والے ممالک کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان نے کہا کہ ملک کی تمام سیاسی جماعتوں کو چاہیے کہ اس وقت جو صورتحال ہو چکی ہے اس میں موجود حکومت کا ساتھ دیں تاکہ ان امور کے متعلق بہتری لائی جا سکے اور ملک ترقی کی جانب گامزن ہو سکے۔