اسلام آباد(صباح نیوز)صدر مملکت آصف علی زرداری نے شاہ زیب خان کوسنگاپور میں عالمی کراٹے کامبیٹ چیمپئن شپ جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔ بدھ کو ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت آصف علی زردار ی اور وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے شاہ زیب خان کو ان کی شاندار کامیابی پر یہاں ایوان صدر میں 10 کروڑ روپے کا چیک دیا۔
صدر مملکت نے سنگاپور میں کراٹے کے کھیل میں ملک کا نام روشن کرنے پر شاہ زیب خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کے نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جنہیں مواقع دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے شعبے میں نوجوانوں کی حوصلہ افزائی کرنا ضروری ہے۔ صدر مملکت نے امید ظاہر کی کہ شاہ زیب خان مستقبل میں بھی ملک کیلئے مزید کامیابیاں سمیٹیں گے۔