بلوچستان بڑی تباہی سے بچ گیا،تربت میں 280 کلوگرام دھماکا خیز مواد برآمد

کوئٹہ(صباح نیوز)سیکیورٹی فورسز کی بروقت کارروائی نے بلوچستان کو بڑی دہشتگردی سے بچا لیا۔بلوچستان میں سکیورٹی فورسز نے تربت شہر میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے دھماکہ خیز مواد برآمد کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے شہر تربت میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی عمل میں لائی اور اس دوران دھماکا خیز مواد برآمد ہوا۔دھماکہ خیز مواد کو ایک گاڑی میں نصب کیا گیا تھا اور اسے تربت میں دہشتگردانہ کارروائی کے لیے استعمال کیا جانا تھا۔

سکیورٹی فورسز کی جانب سے برآمد کیا جانے والا دھماکہ خیز مواد 280 کلو گرام ہے، سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بروقت کارروائی سے دہشتگردوں اور ان کے سہولت کاروں کے ناپاک عزائم خاک میں ملا دیئے گئے۔دفاعی ماہرین کا کہنا ہے کہ بہترین حکمت عملی نے ثابت کردیاسکیورٹی فورسزملکی دفاع کیلئے پرعزم ہیں، دہشت گرد اور ان کے سہولت کاربلوچستان میں ترقی کے عمل کو روکنا چاہتے ہیں، بلوچستان کے امن کو تباہ کرنے والے دہشتگردوں کو نشان عبرت بنایا جائے گا