اسلام آباد(صباح نیوز.) ترجمان الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وضاحت کی ہے کہ کل بدھ کو الیکشن کمیشن کا کوئی اجلاس طلب نہیں کیا ہے اس حوالے سے میڈیاپر چلنے والی خبر وں میں کوئی صداقت نہیں ہے ، ترجمان نے صباح نیوز کو بتایاکہ الیکشن کمیشن آف پاکستان( ای سی پی ) نے پارلیمنٹ میں مخصوص نشستوں کے حوالے سے کل بدھ کو کوئی اجلاس طلب نہیں کیا ہے ،
اس سے قبل بعض میڈیا رپورٹس میں کہاگیا تھا کہ ای سی پی نے بدھ کو ایک اہم اجلاس طلب کیا ہے اور اس اجلاس میں اسپیکر قومی اسمبلی کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط پر بھی غور کیا جائے گا۔اسپیکر قومی اسمبلی نے بھی خط میں مخصوص نشستوں کا معاملہ جلد نمٹانے کی درخواست کی تھی۔
واضح رہے کہ خواتین اور غیرمسلموں کیلئے مخصوص نشستوں کی الاٹمنٹ کا معاملہ الیکشن کمیشن کے پاس زیرالتوا ہے۔یاد رہے کہ منگل کو اسپیکر پنجاب اسمبلی ملک احمد خان کی جانب سے بھی الیکشن کمیشن کو دوسرا خط لکھا گیا جس میں انہوں نے مطالبہ کیا کہ انتخابات ترمیمی ایکٹ 2024 کے نفاذ کے لئے فوری کارروائی کی جائے۔